عام انتخابات کی تاریخ میں کسی قسم کی تاخیر نہ کی جائے،پیپلزپارٹی کور کمیٹی اعلامیہ

7 Apr, 2023 | 10:51 PM

Bilal Arshad

ویب ڈیسک: پاکستان پیپلزپارٹی کور کمیٹی نے کہا ہے کہ عام انتخابات کی تاریخ میں کسی قسم کی تاخیر نہ کی جائے، مذاکرات کے دروازے بند نہیں ہونے چاہئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پاکستان پیپلزپارٹی کور کمیٹی کا اجلاس زرداری ہاﺅس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ جس میں یوسف رضا گیلانی، نئیر بخاری، نوید قمر، رضا ربانی، قمر زمان کائرہ، شیری رحمن، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ، شازیہ مری، نثار کھوڑو، محمد علی شاہ باچا، ہمایوں خان، فیصل کریم کنڈی، اخونزادہ چٹان اور فرحت اللہ بابر شریک ہوئے۔

 اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ مذاکرات کے دروازے بند کرنا کسی مسئلے کا حل نہیں ہوتا، پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ اتحادی حکومت میں شامل تمام جماعتوں سے رابطہ کر کے سیاسی جماعتوں میں مذاکرات کے نکتے پر ایک مشترکہ پوزیشن اختیار کی جائے۔

 پیپلزپارٹی کور کمیٹی اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ موجودہ بحران کی متعدد وجوہات ہیں جن میں سے ایک بات پر اسرار ہے کہ عدالت کا اقلیتی فیصلہ اکثریتی فیصلے پر فوقیت حاصل کر لے، عدالتی فیصلے کا قانونی، اخلاقی اور سیاسی طور پر کوئی جواز نہیں، عدالتی فیصلے پر نظرثانی کی جانی چاہیے۔

 اجلاس میں کہا گیا کہ عدلیہ کی ساکھ اور عزت کو زک پہنچانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے، اس کے لئے ضروری ہے کہ عدلیہ کے متضاد فیصلوں کے مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے، پارٹی اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ آزادانہ اور منصفانہ عام انتخابات کے لئے تمام اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی دن کرائے جائیں۔

مزیدخبریں