ویب ڈیسک: آٹو انڈسٹری مزید بحران کا شکار ہو گئی ، آٹو جرنل ڈاٹ پی کے کی رپورٹ کے مطابق ہونڈا اٹلس کارز لمیٹڈ کمپنی اس بحران کا تازہ شکار بنی ہے ۔
ہونڈا اٹلس کارز لمیٹڈ کمپنی گزشتہ ماہ مارچ 2023 میں ہنڈا سوک کا ایک بھی یونٹ فروخت نہیں کر سکی، جس سے مجموعی فروخت میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔رپورٹ میں اس بات پر روشنی نہیں ڈالی گئی کہ آیا فروخت میں کمی کی وجہ کم طلب تھی یا پیداواری مسائل۔یاد رہے کہ31 مارچ کو ہونڈا نے پیداواری بندش کو مزید 15 دنوں تک بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا۔کمپنی نوٹیفکیشن میں معیشت کی خرابی کی وجہ سے سپلائی چین میں خلل کے ساتھ ساتھ خام مال اور CKD کی درآمدات پر پابندیاں، طویل بندش کی وجہ بتائی گئی ۔
آخری پیداواری بندش 9 مارچ سے 31 تاریخ تک نافذ رہی۔ جبکہ توسیع شدہ شٹ ڈاؤن یکم اپریل سے 15 اپریل تک جاری رہے گا۔اس کا مطلب یہ ہے کہ اس شٹ ڈاؤن کے اختتام تک، ہونڈا پاکستان میں 38 دنوں کے لیے کار اسمبلی بند رکھے گا۔موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہونڈا کو مستقبل میں بھی فروخت کے معاملے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔