عرفان ملک: ایف آئی اے لاہور نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں اسد عمر کو حکمنامہ طلبی جاری کر دیا۔
حکمنامہ کے مطابق اسد عمر کو ایف آئی اے لاہور میں 14 اپریل کو پیش ہونے کی ہدایات کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے 2013 میں ممنوعہ غیر ملکی ذرائع سے رقوم حاصل کر کے اپنی سیاسی کمپین پر کروڑوں کےاخراجات کیے تھے، اسد عمر اس کمپین کے مینیجر تھے اور ان غیر ملکی ممنوعہ رقوم کے استعمال میں کلیدی کردار ادا کرنے میں شامل تھے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ پی ٹی آئی نے ان غیر ملکی فنڈز کو حاصل کرنے کے ذرائے کو مخفی رکھا اور کسی بھی فورم پر ڈکلیئر نہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکمنامہ طلبی حسن سجاد نقوی، سربراہ جے آئی ٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر کمرشل بینکنگ سرکل ایف آئی اے لاہور کے دستخت سے سرفراز خان ورک ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور کی ہدایات پر جاری کیا گیا۔
یاد رہے کہ ایف آئی اے لاہور ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی آر نمبر 52/2022 مورخہ 05 اکتوبر 2022 کو درج کر چکی ہے، جس میں حامد زمان وغیرہ گرفتار رہ چکے ہیں اور پی ٹی آئی لیڈران کے حوالے سے تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ حکمنامہ طلبی، پی ٹی آئی پنجاب کے دفتر میں موصول ہوئی۔ حکمنامہ شیخ امتیاز صدر پی ٹی آئی لاہور نے وصول کیا۔