ویب ڈیسک: کیا آپ کو معلوم ہے کہ ناخنوں سے صحت کے بارے میں کافی کچھ معلوم ہوسکتا ہے؟
ناخنوں کی رنگت سے جسم میں کسی ممکنہ بیماری کا اشارہ مل سکتا ہے، پھیپھڑوں، جگر اور دل کے مسائل کا علم بھی ہو سکتا ہے۔ویسے یہ جان لیں کہ ناخنوں میں اچانک آنے والی تبدیلیاں متعدد امراض کا اشارہ ہو سکتی ہیں مگر ضروری نہیں کہ یہ کسی یبماری کا نتیجہ ہو۔کئی بار ناخنوں میں آنے والی تبدیلیاں بے ضرر ہوتی ہیں تو تشویش ہونے پر ڈاکٹر سے معائنہ کرالینا چاہیے۔
درج ذیل میں آپ جان سکتے ہیں کہ ناخن آپ کی صحت کے بارے میں کیا راز چھپائے ہوئے ہیں۔
سفید داغ والے ناخن
جیسے کسی چوٹ لگنے، خون کی کمی، کسی غذائی جز کی کمی، دل یا گردوں کے امراض کے باعث ناخن پر سفید داغ ابھر آتے ہیں۔
مکمل سفید ناخن
اگر ناخنوں کا بیشتر حصہ بہت زیادہ سفید ہو تو اس سے جگر کے امراض جیسے ہیپاٹائٹس کا عندیہ ملتا ہے۔
ہیپاٹائٹس کے ساتھ ساتھ ایسا یرقان کے مریضوں کے ناخنوں میں بھی دیکھنے میں آتا ہے۔
زرد ناخن
اگر ناخن پیلے یا زرد نظر آنے لگے تو عموماً یہ کسی فنگل انفیکشن کا نتیجہ ہوتا ہے۔انفیکشن کی شدت جتنی زیادہ ہوگی، ناخن کی اندرونی تہہ اتنی زیادہ سکڑ جائے گی جبکہ ناخن پتلے اور کمزور ہو جائیں گے۔کچھ کیسز میں زرد ناخن تھائی رائیڈ امراض، پھیپھڑوں کے امراض یا ذیابیطس کی علامت بھی ہوتے ہیں۔
نیلگوں ناخن
اگر ناخنوں پر نیلا رنگ جھلکنے لگے تو اس کا مطلب ہے کہ جسم کو مناسب مقدار میں آکسیجن نہیں مل رہی۔
اس سے پھیپھڑوں کے کسی مسئلے جیسے emphysema کا عندیہ ملتا ہے، کئی بار دل کے مسائل سے بھی ناخنوں کی رنگت میں نیلاہٹ جھلکنے لگتی ہے۔
ناخں کی سطح پر لکیروں جیسا پیٹرن
اگر ناخنوں کی سطح پر اوپر سے نیچے کی جانب لکیروں جیسا پیٹرن نظر آئے تو یہ جوڑوں میں ورم یا جِلد کے مرض چنبل کی نشانی ہوسکتی ہے۔
ناخن ٹوٹنا
ایسے خشک اور بھربھرے ناخن جو اکثر ٹوٹ یا الگ ہو جاتے ہیں، وہ تھائی رائیڈ امراض کا اشارہ دیتے ہیں۔ایسے ناخنوں کی رنگت اگر زرد ہو تو ایسا کسی فنگل انفیکشن کے نتیجے میں ہوتا ہے۔
ناخن کے نیچے گہرے رنگ کی لکیریں
اگر ناخن کے نیچے گہرے رنگ کی لکیر نموودار ہو جائے تو ایسا متعدد وجوہات کے باعث ہو سکتا ہے۔جیسے جِلد کے کینسر، انفیکشن یا انجری کے باعث ناخن کی رنگت تبدیل ہو جاتی ہے اور اسے melanonychia کہا جاتا ہے۔