نوجوان ارکان اسمبلی ناجائز حکم کی بجائے ضمیر کے مطابق فیصلہ کریں، چودھری شجاعت

7 Apr, 2022 | 03:45 PM

علی اکبر : مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ہال کی مرمت تک پنجاب اسمبلی کا ایوان اجلاس کے قابل نہیں۔ نوجوان ارکان اسمبلی قیادت کا ناجائز حکم ماننے کی بجائے اپنی مثبت سوچ اور ضمیر کے مطابق فیصلہ کریں۔

 چودھری شجاعت حسین کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں جو ہوا اسمبلیوں میں اس طرح کے واقعات ہوتے رہتے ہیں اور ان کو حل کرنے کا طریقہ بھی ہوتا ہے۔ تاہم مولانا فضل الرحمن نے پنجاب اسمبلی میں توڑ پھوڑ کو بڑے جارحانہ انداز میں پیش کیا ہے ۔مولانا فضل الرحمن  قومی اسمبلی فلور پر اپنے والد مفتی محمود کے ساتھ کئے جانے والے بہیمانہ سلوک کو یاد رکھیں جب ان کے والد مفتی محمود صاحب کو سیڑھیوں پر گھسیٹا گیا تھا جس سے وہ زخمی بھی ہوئے تھے۔

اس طرح کا کوئی واقعہ پنجاب اسمبلی میں پیش نہیں آیا۔ چودھری شجاعت حسین  کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے ممبران نے اسمبلی کے اندر نیا فرنیچر، مائیک سسٹم، آئی ٹی سسٹم و دیگر قیمتی اشیاء کو تباہ و برباد کر دیا۔جب تک ہال کی مرمت نہیں کی جاتی ایوان اجلاس کرنے کے قابل نہیں۔ ان کاکہنا تھا کہ  وہ پانچ مرتبہ اسمبلی ممبر رہے، اسمبلیوں میں بڑے بڑے واقعات ہو جاتے ہیں یہ تو معمولی بات ہے۔ تاہمممبران کو اپنے لیڈروں کی اس حد تک جا کر اطاعت نہیں کرنی چاہئے۔لیڈر اپنے مقصد کیلئے ان سے دوسرے ممبران کو گالیاں دلواتے ہیں۔نوجوان ارکان اسمبلی ایسے ناجائز حکم ماننے کی بجائے اپنی مثبت سوچ اور ضمیر کے مطابق فیصلہ کریں۔

مزیدخبریں