ویب ڈیسک :عالمی ادارے کیو ایس نے مضمون کے اعتبار سے یونیورسٹیوں کی بین الاقوامی رینکنگ جاری کر دی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کی مضمون کے اعتبار سے کیو ایس رینکنگ میں شاندار کارکردگی سامنے آئی ہے۔ پنجاب یونیورسٹی کے 15 مضامین کو بین الاقوامی طور پر رینک کر دیا گیا۔
پنجاب یونیورسٹی پٹرولیم انجینئرنگ کے شعبے میں دنیا کی بہترین 101 سے 150 ،جبکہ مذہبی علوم کی رینکنگ میں دنیا کی 101 سے 130 جامعات میں شامل کیا گیا۔
اس موقع پروائس چانسلرڈاکٹر نیاز احمد کا کہنا تھا کہ پنجاب یونیورسٹی کی 7 فیکلٹیوں نے اپنی رینکنگ بہتر کی،2017 میں پنجاب یونیورسٹی کی 1 بھی فیکلٹی بین الاقوامی سطح پر رینک نہیں تھی،2019 میں پہلی مرتبہ یونیورسٹی کے 3 شعبہ جات رینک ہوئے، 2020 میں 5، 2021 میں 13 اور 2022 میں 15 مضامین بین الاقوامی طور پر رینک ہوئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب یونیورسٹی 232 سے ایشیاء کی بہترین 145ویں جامعہ بن گئی ہے۔بین الاقوامی رینکنگ میں یونیورسٹی نے 4 سالوں میں 16 فیصد ترقی کی، نیچر پبلشنگ نے نیچرل سائنسز میں پنجاب یونیورسٹی کو پاکستان میں نمبر 1 قرار دیا۔
عالمی رینکنگ میں بہتری یونیورسٹی میں تحقیق، گڈ گورننس اور میرٹ کے فروغ کا ثبوت ہے، اس سب کیلئےاساتذہ، ملازمین اور طلباء مبارکباد کے مستحق ہیں۔