لاہور میں ایک اورخطرناک وائرس،محکمہ صحت نےخطرے کی گھنٹی بجادی

7 Apr, 2021 | 08:50 PM

M .SAJID .KHAN

(زاہد چودھری)کورونا وائرس کے ساتھ ڈینگی بخار کا بھی خطرہ بڑھ گیا،محکمہ پرائمری ہیلتھ نے ڈٰنگی سرویلنس پر اضافی عملے کو مامور کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔
 تفصیلات کے مطابق سیکریٹری پرائمری ہیلتھ سارہ اسلم کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام متعلقہ افسران شریک ہوئے ۔ اجلاس میں کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لئےاقدامات سمیت کنٹیکٹ ٹریسنگ کو یقینی بنانے کی ہدایات دی گئیں۔ اجلاس میں ڈینگی بخار کے خطرے کے پیش نظر ڈینگی لاروا تلف کرنے پر اضافی عملہ تعینات کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

دریں اثنا سیکریٹری پرائمری ہیلتھ سارہ اسلم نےاچانک کورونا ویکسینیشن سنٹر سپورٹس کمپلیکس مینار پاکستان کا دورہ کیا، انتظامات اور سہولتوں کا جائزہ لیا۔سیکریٹری پرائمری ہیلتھ نے سنٹر پر ویکسینیشن کیلئے آنے والے بزرگ شہریوں سے انتظامات اور سہولتوں سے متعلق دریافت کیا ۔ سیکریٹری پرائمری ہیلتھ نے کہا کہ 60 برس سے زائد عمر کے شہریوں کی بلا تعطل ویکسینیشن جاری ہے تاہم 50 برس سے زائد عمر کے افراد کی فی الحال رجسٹریشن کی جارہی ہے اور جلد ان کی ویکسینیشن کا عمل بھی شروع کر دیا جائے گا ۔

دوسری جانب کورونا کے شکار مریضوں سے کون قریبی رابطے میں تھا کنٹیکٹ ٹریسنگ نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ محکمہ پرائمری ہیلتھ کی جانب سے تمام ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے شکار مریضوں کے اہلخانہ ، دوست احباب سمیت رفقاء کار کے بھی تشخیصی ٹیسٹ لازمی کئے جائیں ۔

مراسلے میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ کنٹیکٹ ٹریسنگ نہ ہونے سے کورونا وائرس مزید پھیل سکتا ہے ۔ مراسلے میں ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ خود کورونا کے مریضوں کی کنٹیکٹ ٹریسنگ کے عمل کی نگرانی کریں ۔
 

مزیدخبریں