رمضان المبارک میں مساجد اور امام بارگاہوں کیلئے ایس او پیز جاری

7 Apr, 2021 | 02:09 PM

Sughra Afzal

مال روڈ (شاہد ندیم سپرا) رمضان المبارک میں نماز پنجگانہ و تراویح کی ادائیگی کے لئے ایس او پیز جاری کردیئے گئے، 60 سال سے زائد عمر کے افراد مساجد نہیں جا سکیں گے، نمازیوں کے درمیان تین فٹ، اعتکاف بیٹھنے والوں کے درمیان چھ فٹ کا فاصلہ رکھا جائے گا۔

وزارت مذہبی امور پاکستان نے ماہ رمضان کیلئے ایس او پیز جاری کر دیئے، وزارت مذہبی امور نے رمضان المبارک میں نماز کی ادائیگی کے لئے ایس او پیز پر مبنی اعلامیہ جاری کر دیا، صدر مملکت کی علماء سے مشاورت کی روشنی میں متفقہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا، جس کے مطابق مساجد اور امام بارگاہوں کے صحن ہوں وہاں صحن میں نماز پڑھائی جائے، 60 سال سے زیادہ عمر، کھانسی، نزلہ کے مریض مساجد میں نہ آئیں، مسجد اور امام بارگاہ کے احاطہ کے اندر نماز کا اہتمام کیا جائے۔

فرش کو صاف کرنے کیلئے پانی میں کلورین کا محلول بنا کر دھویا جائے، مسجد میں صف بندی میں نمازیوں کے درمیان 3 فٹ کا فاصلہ رہے، مساجد اور امام بارگاہ انتظامیہ کمیٹی بنائے جو احتیاطی تدابیر پرعمل یقینی بنا سکے، وضو گھرسے کر کے آئیں، صابن سے 20 سیکنڈ ہاتھ دھو ئیں، ماسک پہن کر مسجد اور امام بارگاہ آئیں اور ہاتھ نہ ملائیں۔

ایس اوپیز کے مطابق مسجد اور امام بارگاہ میں افطار اور سحر کا اجتماعی انتظام نہ کیا جائے، قالین یا دریاں نہیں بچھائی جائیں گی، صاف فرش پر نماز پڑھی جائے گی، مساجد اور امام بارگاہ انتظامیہ ضلعی وصوبائی حکومت اورپولیس سے تعاون رکھیں، اگر کچا فرش ہو تو صاف چٹائی بچھائی جا سکتی ہے۔

مزیدخبریں