خواجہ سلمان رفیق نے کورونا وائرس پر پنجاب حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا

7 Apr, 2020 | 04:42 PM

Shazia Bashir

(وقار گھمن) سابق صوبائی وزیر صحت و رکن صوبائی اسمبلی خواجہ سلمان رفیق نے کورونا وائرس پر پنجاب حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا، کہتے ہیں شرافت اپنی جگہ مگر وزیر اعلی عثمان بزدار میں قابلیت نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پروگرام سٹی @ 10 میں کیا۔

کورونا وائرس اور حکومتی اقدامات پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے سٹی فورٹی ٹو کے پروگرام سٹی ایٹ ٹین میں کہا کہ بیوروکریسی نے فیصلوں پر عملدرآمد کرنا ہوتا ہے، اصل کام لیڈرشپ کا ہے کہ وہ کیسے کام کرواتی ہے کیا پالیسی بناتی ہے، عثمان بزدار اس لحاظ سے قابلیت نہیں رکھتے۔

انہوں نے کہا حالت جنگ میں حکومت کا کام چیزوں کو مینج کرنا ہوتا ہے، اس وقت وبائی امراض سے نمٹنا حالت جنگ کے مترادف ہے،ایک بیماری سے بچا کر ہم لوگوں کو دوسری بیماریوں سے مرنے کیلئےنہیں چھوڑ سکتے، ہسپتالوں میں باقی امراض کا علاج معالجہ بھی ساتھ ساتھ چلنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھاکہ اس وبا سے نمٹنے کیلئے مسلم لیگ (ن) حاضر ہے، ہمارے تجربات سے فائدہ اٹھایا جائے۔

واضح رہےکہ  دنیا بھر میں تباہی مچانے والا   کورونا وائرس پاکستان  میں بھی   تیزی سے پھیل رہا ہے، اب تک پاکستان میں     کورونا وائرس  52 افراد  کی زندگیاں نگل چکا ہے، جبکہ 3700 سے زائد افراد مہلک وائرس کا شکار بن چکے ہیں، لاہور میں   کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد 297 تک پہنچ گئی، پی آئی اے کی ایئرہوسٹس اور ٹورنٹو کی پروازلے کرآنے والے 2 پائلٹس میں بھی کورونا کی تصدیق ہوگئی۔

 ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق پنجاب کے 28 اضلاع سے  کورونا وائرس کے مریض رپورٹ ہو چکے ہیں، قیدی مریضوں کی مناسب دیکھ بھال کے لیے تفصیلی ایس او پی محکمہ داخلہ کو دیے جا چکے ہیں، دیگر قیدیوں کو کورونا سے بچانے کے لیے تفصیلی لائحہ عمل بھی جاری کیا جا چکا ہے، عوام سے گزارش ہے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں۔

 

 
 
 
 

مزیدخبریں