شہزاد خان ابدالی: اکبری منڈی میں اشیائے ضروریہ کی خریداری کے دوران گاہک اور تاجران حفاظتی تدابیر کو نظر انداز کرنے لگے۔صدر اکبری منڈی اظہر اقبال اعوان کہتے ہیں ضرورت سے زائد اشیائے ضروریہ کی خریداری کے رجحان میں کمی آئی ہے۔
شہر میں اجناس اور دیگر اشیائے ضروریہ کی خریداری کی سب سے بڑی اکبری منڈی میں کورونا وائرس سے بچاو کی احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کیا جانے لگا۔ اکبری منڈی میں معمول سے زیادہ رش دیکھا گیا اور شہری اشیائے ضروریہ کی خریداری کے دوران مناسب فاصلے پر کھڑے ہونے کی بجائے ہجوم کی شکل میں کاونٹرز پر اکھٹے نظر آئے۔
صدر اکبری منڈی اظہر اقبال اعوان نے سٹی 42 سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اکبری منڈی میں اب ضرورت سے زائد اشیائے ضروریہ کی خریداری کے رجحان میں کمی آئی ہے۔تاہم منڈی میں رش کیوجہ دیہاڑی دار طبقے کیلئے راشن بیگز بنوانے کیلئے آنے شہری ہیں۔
تاہم صدر اکبری منڈی اظہر اقبال اعوان ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کے تعاون پر شکرگزار نظر آئے۔ان کاکہناتھاکہ لاہوریےبےفکر رہیں اجناس وافرمقدار میں موجود ہیں۔
دوسری جانب لاک ڈاؤن طویل ہونے سے شہر کی تاجر برادری پریشان ہے۔ لاک ڈاؤن طویل ہونے سے شہر کی تاجر برادری میں معاشی اضطراب بڑھنے لگا ہے۔ آٹو ایئر کنڈیشنگ اور عابد الیکٹرونکس مارکیٹ، اچھرہ بازار، وحدت روڈ سمیت دیگر مارکیٹوں کے عہدیداران نے صدر لاہور چیمبر عرفان اقبال شیخ سے ملاقات کی۔ تاجران نے پنجاب حکومت سے ایس او پیز طے کرکے مخصوص اوقات میں مارکیٹس اور بازار کھولنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کردیا۔
صدر لاہور چیمبر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ ایوان صنعت وتجارت تاجران کی مشکلات سے آگاہ ہے۔ اس حوالے سے صوبائی اور وفاقی حکومت سے بات چیت کی جائے گی۔عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ قوم کو کورونا کیساتھ ساتھ بھوک وافلاس سے بھی بچانا ہے۔
لاہور چیمبر کے عہدیداران نے کہا کہ شہر کی تاجر برادری کی معاشی مشکلات کے ازالہ کیلئے تمام کاوشیں کی جائیں گی۔ تاجر اور حکومت ایک پیج پر ہونے سے کورونا وائرس اور معاشی مشکلات کے خاتمے کی جنگ جیتی جاسکے گی۔