(شہباز علی) چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ مشکل صورت حال کا شکار ہے، کوشش کررہے ہیں کہ اس کو بہتری کی جانب گامزن کیا جائے۔
قذافی سٹیڈیم میں طاہر میمن کی کتاب Another perspectiveکی تقریب رونمائی ہوئی، تقریب میں کتاب کے مصنف طاہر میمن کے علاوہ قومی ٹیم کے سابق کپتان عبد القادر، عامر سہیل، سابق ٹیسٹ کرکٹر اشرف علی، پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹر نیشنل ذاکرخان، ڈائریکٹر ڈومیسٹک ہارون رشید، چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اور سابق چیف فنانشل آفیسر نعیم احمد سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طاہر میمن کا پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار رہا ہے مگر بدقسمتی سے اب پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ مشکل صورت حال کا شکار ہے۔
انہوں نے کہ ہم پاکستان کرکٹ کا انفراسٹرکچر ٹھیک کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور امید ہے کہ ہم اس میں کامیاب ہوجائیں گے، طاہر میمن کی کتاب پاکستان کرکٹ کے لئے ایک بہترین دستاویز ہے۔