قیمتی دھات کے سات کلو زیورات سمگل کرتا سمگلر آخری لمحے پکڑا گیا

6 Sep, 2024 | 11:23 PM

سٹی42:  زیورات کا سمگلر سات کلو  قیمتی دھات کے زیورات لے کر پاکستان پہنچ گیا، گرین چینل سے فائدہ اٹھا کر قیمتی زیورات کے ساتھ ائیر پورٹ سے باہر نکلنے کی کوشش کی لیکن ائیرپورٹ پر دھر لیا گیا۔

کسٹمز کے عملے نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والے ایک پاکستانی مسافر کے قبضے سے 595 تولہ چاندی کے زیورات اور انجیکشنز برآمد کرلیے۔

زیورات کا یہ سمگلر  ترکی سے براستہ دوحا پاکستان پہنچنے والی قطر ایئرویز کی پرواز  QR 604  سے اترا۔ اس کا نام عبدالرؤف سانگی معلوم ہوا ہے۔ سات کلو دھات کے زیورات سے لدا ہوا یہ سمگلر عام مسافروں کے ساتھ  انٹرنیشنل ارائیول ہال سے گرین چینل کے راستے باہر جا رہا تھا  کہ کسٹم افسر نے اس کی چال ڈھال پر شبہ گزرنے کے سبب اسے  روک لیا۔

اس کے سامان کے بارے میں استفسار پر اس نے کہا کہ سامان میں کوئی ممنوعہ شے موجود نہیں۔ سمگلر کے جواب سے غیر مطمئن  آفیسر نے اسے اپنا سامان ایگزامینیشن کاؤنٹر پر لے جانے کے لئے کہا  جہاں اس کے سامان کی اسکینگ کی گئی  اور سرچ روم میں جامہ تلاشی بھی لی گئی۔

تلاشی کے نتیجے میںعام  مسافر  بن کر سفر کرنے والےسمگلر سے 595 تولہ تقریبا (7 کلو) چاندی سے بنے ہوئے زیورات اور 22 ممنوعہ انجیکشن برآمد کرلیے گئے جن کی کل مالیت 18 لاکھ روپے ہے۔

مسافر کےخلاف کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے  اسے گرفتار کر لیا گیا اور  مجاز عدالت سے ریمانڈ حاصل کر کے اس سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں