ویب ڈیسک : وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ کریں گے ۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں یوم دفاع وشہدا کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہدا وطن کے لواحقین سے مخاطب ہونا باعث اعزاز ہے ، وطن پر جان نثار کرنے والے سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ 6 ستمبر کو ہمارے نوجوانوں نے بے مثال بہادری سے دشمن کے عزائم خاک میں ملائے۔
انہوں نے کہا کہ وطن پر لخت جگر قربان کرنے والی ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں ، شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے ، شہدا کے لواحقین کا جذبہ قومی عزم کو مزید مضبوط کرتا ہے۔ پاکستان کی حفاظت ترقی اور خوشحالی ہم سب کی ذمہ داری ہے ، ہم نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، پاکستان کی سرحدین امن کی سرحدین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے بے مثال قردار ادا کیا ہے ، قوموں کو خوشحالی کی منزل امن سے ملتی ہے، امن کے خواہاں ہیں اپنی آزادی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ، دہشتگردی کے خاتمے کے لیےقومی اتفاق رائے موجود ہے ، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ کریں گے۔ قوموں کی تقسیم ریاست کو کمزور کرتی ہے۔ کشمیریوں اور فسلطینوں کے لیے پاکستان آواز بلند کرتا رہے گا۔ آخر میں وزیراعظم نے کہا کہ آئیں اپنے اپنے محاذ پر آگے بڑھنے کا عزم کریں اور کامیابی کے جھنڈے گاڑیں۔