ویب ڈیسک : وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے مابین ملاقات ہوئی ، جس میں بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان بحالی امن کیلئے اقدامات کو بار آور بنانے پر اتفاق کیا گیا ۔ خواجہ آصف نے کہا کہ بلوچستان میں امن کی بحالی کے لئے ہر ممکن تعاون کریں گے ۔
وزیر اعلٰی بلوچستان نے وفاقی وزیر دفاع کو بلوچستان کی صورتحال پر آگاہی دی، کہا کہ صوبائی حکومت اور سیکورٹی فورسز بحالی امن کیلئے کوشاں ہیں، بزدل دہشت گرد غریب مزدوروں کو سافٹ ٹارگٹ سمجھ کر نشانہ بناتے ہیں، دہشت گردوں کا کوئی دین ایمان نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور لیویز کو جدید خطوط پر استوار کررہے ہیں ، تخریب کاروں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے ۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بحالی امن کیلئےوفاقی اورصوبائی حکومت کا اشتراک جاری رہے گا ۔