ویب ڈیسک: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان 2024 میں تمام بالی ووڈ اداکاروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے امیر ترین اداکاروں کی دوڑ میں سرفہرست ہیں،حال میں ہورون انڈیا رچ لسٹ کی جانب سے کیے گئے انکشاف کے مطابق رواں سال کنگ خان کی کل دولت 7300 کروڑ رہی۔
تفصیلات کےمطاق 3 دہائیوں پر محیط بالی ووڈ کیرئیر کے دوران شاہ رخ نے درجنوں بھارتی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، بالی ووڈ کے ایک کامیاب اداکار ہونے کے ساتھ شاہ رخ خان اس وقت ایک کامیاب پروڈیوسر اور کاروباری شخصیت بھی ہیں ۔
سپر اسٹار کی آمدنی کے ایک نہیں کئی ذرائع ہیں، بنیادی ذریعہ بالی ووڈ فلموں سے حاصل ہونے والا معاوضہ ہے، اس کے علاوہ بڑے برانڈز کے ساتھ معاہدہ اور ان کی پروڈکشن کمپنی ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ بھی آمدنی کے ذرائع میں شامل ہیں، ممبئی، لندن اور دبئی میں جائیدادوں میں سرمایہ کاری کی ہوئی ہے ، سب سے آخر میں اداکار کی آئی پی ایل کرکٹ ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز میں شریک ملکیت بھی انہیں آمدنی کا ایک خاص حصہ فراہم کرتی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ ایک فلم کا معاوضہ تقریباً 18 ملین سے 30 ملین ڈالر وصول کرتے ہیں، انہوں نے 2023 میں بالی ووڈ فلم ’جوان‘ کے لیے تقریباً 12 ملین ڈالر (بھارتی 100 کروڑ ) وصول کیے۔
شاہ رخ خان نے بھارت کے علاوہ مختلف ملکوں میں بھی جائیدادوں کے ذریعے سرمایہ کاری بھی کی ہے, ممبئی میں ان کی رہائش گاہ منت کی قیمت تقریباً 28 ملین ڈالر (200 کروڑ بھارتی روپے) ہے جب کہ وہ لندن اور دبئی میں پرتعیش جائیدادوں کے مالک ہیں۔
اداکار کے پراپرٹی پورٹ فولیو میں دبئی کے پام جمیرہ پر ایک وسیع و عریض ولا اور لندن کے پارک لائن پر ایک خوبصورت اپارٹمنٹ بھی شامل ہے۔
شاہ رخ خان انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل ) کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے شریک مالک بھی ہیں، کے کے آر برانڈ ویلیو کا تخمینہ 100 ملین ڈالر سے زیادہ ہے۔
2023کی ایک رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان کے پاس بی ایم ڈبلیو 18، آڈی اے6، رولز رائس فینٹم، بینٹلے کانٹینینٹل جی ٹی، مرسڈیز ایس کلاس، رینج روور ووگ، ہندائی کریٹا سمیت کئی بیش قیمت گاڑیاں موجود ہیں۔