قیصرکھوکھر:محکمہ داخلہ نے قیدیوں کی مشقت کا طریقہ کار طے کر دیا ہے، قبل ازیں عدالت سے قید بامشقت کی سزا پانے والے مجرمان سے ایک دن میں کتنی مشقت کروائی جائے طے نہیں تھا۔
تفصیلات کےمطابق جیلوں میں تمام قیدیوں سے مساوی سلوک کیلئے احسن اقدام کیا گیاہے،محکمہ داخلہ پنجاب نے جیلوں میں قیدیوں کی مشقت کیلئے یونیفارم لیبر سکیل متعارف کروا یا ہے۔
مشقت کے کسی پیمانے کی عدم موجودگی میں تمام قیدیوں سے مساوی سلوک روا رکھنا ممکن نہیں تھا۔ یونیفارم لیبر سکیل کی عدم موجودگی کے باعث جیلوں میں قائم انڈسٹریز بہترین انداز میں کام نہیں کر پا رہی تھیں۔
پاکستان پریزنز رولز 1978 کے مطابق جیل میں مشقت کرنیوالا قیدی کم از کم ایک آزاد مزدور جتنا کام کرنے کا پابند ہے۔ جیلوں میں قائم انڈسٹریز کیلئے مساوی لیبر سکیل مارکیٹ سروے کے بعد تیار کیا گیا۔
قالین، صندوق، لوہے کی چارپائی، وارڈر اور قیدیوں کے لباس، دری، کمبل، کوٹ اور کاٹن نوار کی تیاری بارے روزانہ کے اہداف مقرر کئے گئے ہیں۔