سٹی42: صدر آصف علی زرداری نے یومِ دفاع و یوم شہدا پر اپنے پیغام میں کشمیر کے مسئلہ پر پاکستان کے منصفانہ مؤقف کو دہراتے ہوئے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیر کے عوام کے مسقتبل کا فیصلہ کرنے کے لئے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے کشمیر میں اقوام متحدہ کے زریعہ استصواب رائے کروائے۔ کشمیر کی خود مختار حیثیت کی منسوخی نے مسئلہ کو مزید گھمبیر بنا دیا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق ِخودارادیت سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔
صدر آصف علی زرداری نے یوم دفاع پر اپنے پیغام میں غازیوں اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوم دفاع ہمیں ملکی خودمختاری کے دفاع کی جانب غیر متزلزل قومی عزم کی یاد دلاتا ہے، پاکستان کو نقصان پہنچانے کا دشمن کا خواب چکنا چور کرنے والے بہادر سپوتوں کو خراج ِعقیدت پیش کرتا ہوں۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ مسلح افواج قومی خودمختاری، ملکی سالمیت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، ہماری افواج دفاعی سازوسامان سے لیس ، پیشہ ورانہ مہارت کی حامل ہیں، افواجِ پاکستان ملک کو تمام چیلنجوں سے بچانے کیلئے پرعزم ہیں۔ آج پاکستان کو بہت سے خطرات اور سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کی کاروائیوں کیلئے دشمن ممالک پاکستان مخالف عناصر کی حمایت کرکے ملک کو نقصان پہنچانے پر تُلے ہوئے ہیں، ہماری مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کو شکست دینے کے لیے پوری طرح سے تیار ہیں، دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام ، تمام پڑوسیوں کے ساتھ پرامن بقائے باہمی کا خواہاں ہے، کشمیری عوام کی حالت ِزار کا ازالہ کرکے ہی خطے میں دیرپا امن ممکن ہے۔ کشمیری عوام کو بھارتی مسلح افواج کے ہاتھوں غیر قانونی تسلط ، دہشت گردی کا سامنا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر کی خود مختار حیثیت کی منسوخی نے مسئلہ کو مزید گھمبیر بنا دیا ہے، بھارت کشمیری عوام کے حق ِخودارادیت سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آج ہم اپنے بہادر بیٹوں کے عزم، استقلال اور جذبہ حب الوطنی کی یاد مناتے ہیں، ہم دفاع ِوطن کے مقدس فریضے کی تکمیل میں مسلح افواج کے لئے اپنی غیر متزلزل حمایت کا عہد کرتے ہیں۔