آج  قوم  کے ناقابل تسخیر عزم اور بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے،جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کا پیغام

6 Sep, 2024 | 02:40 AM

سٹی42:   59ویں یومِ دفاع کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے 1965 کی جنگ میں پاک فوج کی تاریخی فتح پر فخر کا اظہار کیا ہے۔

 مسلح افواج  کے ترجمان نے کہا ہے کہ یہ دن یوم دفاع قوم  کے ناقابل تسخیر عزم اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے، جنہوں نے دشمن کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور مادر وطن کا کامیابی سے دفاع کیا۔

 1965 کی جنگ نے قوم کی طاقت اور عزم کی ایک مثال قائم کی اور اس جنگ کی فتح ہمیشہ تاریخ کے سنہرے ابواب میں رقم رہے گی، اس دن پاک افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا کر ایک عظیم فتح حاصل کی۔

 اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہم اپنے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، جنہوں نے وطن کے دفاع اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی، اور ان کی جرات ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

 پاک افواج نے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ملک کے دفاع کے لیے ہر قسم کے خطرات اور چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر وطن کے دفاع کے لیے پرعزم اور بے لوث جذبے کے ساتھ کھڑی ہیں۔

مزیدخبریں