ایشیا کپ؛ پاکستان نےسات وکٹوں کی شکست سے  بنگلہ دیش کے خواب ریزہ ریزہ کردیئے

6 Sep, 2023 | 09:44 PM

سٹی42: لاہور کے ْقذافی سٹیڈیم میں ایشیا کپ کے سپر فور مرحلہ کے اہم میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو سات وکٹوں سے شکست دے کر ایشیا کپ کے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی۔

پاکستان کی ایشیا کپ میں اب تک کارکردگی

- نیپال کو 238 رنز سے ہرایا۔
- پوائنٹس کا اشتراک بمقابلہ ہندوستان۔
- پہلی ٹیم کے طور پر سپر 4 میں کوالیفائی کیا۔
- بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔


پاکستان کی اننگز

بدھ کے روز قذافی سٹیڈیم میں   بنگلہ دیش کے 193 رنز کے ٹارگٹ کے تعاقب میں محمد رضوان79  گیندوں پر 63 رنز بنا کر اور سلمان آغا 21 گیندوں پر 12 رنز بنا کر ناٹ آوٹ واپس آئے۔  پاکستان کو 194 کے ہدف کے قریب پہنچانے مین اوپنر امام الھق نے اہم کردار ادا کیا لیکن اس ٹارگٹ کے قریب  پہنچتے ہی امام 78 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

کپتان بابر اعظم نے 22 گیندوں سے 17 رنز بنائے اور اوپنر فخر زمان 31 گیندوں سے 20 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔  بنگلہ دیش کی ٹیم نے ایکسٹرا کے ضمن میں صرف دو رنز بائی اور دو رنز وائیڈ بالز کے دیئے۔ 

پاکستانی ٹیم کی شاندار فتح پر قذافی سٹیڈیم مین موجود مداحوں نے قومی ٹیم کے بیٹرز کو پھرپور داد دی۔ آج کے میچ کی خاص بات پاکستانی باولرز   کی شاندار پرفارمنس تھی۔ حارث روف نے چار ،نسیم شاہ نے دو جبکہ شاہین آفریدی اور  فہیم اشرف  نے ایک ایک بنگلہ دیشی بیٹر کو پویلین کی راہ دکھائی۔

بابر اعظم کا ریکارڈ

قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ مین پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے بھارت کے  سپر بیٹر ویرات کوہلی کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا۔ بابر اعظم کپتان کی حیثیت سے تیز ترین 2 ہزار  رنز بنانے والے دنیا کے نمبر ون  پلیئر بن گئے،انہوں نے کپتان کی حیثیت سے 31 انٹرنیشنل ون ڈے اننگز میں یہ  بڑا سنگ میل عبور کیا۔

اس سے قبل بھارت کے سپر بیٹر ویرات کوہلی نے بطور کپتان 2 ہزار رنز 36 اننگز میں مکمل کیے تھے۔ پاکستانی چیمپئین نے یہ ریکارڈ 5  میچ کم کھیل کر توڑ دیا۔ 

بابر اعظم نے یہ کارنامہ آج لاہور میں ایشیاکپ کے سپر فور مرحلے میں بنگلا دیش کے خلاف میچ میں چھٹا رن بنا کر سر انجام دیا۔ 

دنیا کے بہترین کپتانوں میں شمار کئے جانے والے جنوبی افریقا کے اے بی ڈی ویلیئرز نے 41، آسٹریلیا کے مائیکل کلارک نے 47 جبکہ بھارت کے مہیدر دھونی اور انگلینڈ کے اوئن مورگن نے 48، 48 اننگز میں دو ہزار رن کا انفرادی سکور کرنے کا کارنامہ انجام دیا تھا۔ بابر اعظم نے یہ کام صرف 31 اننگز میں کر کے کرکٹ کے ناقدین کو نشستوں سے اٹھ کر انہیں سلیوٹ کرنے پر مجبور کر دیا ۔ 

بنگلہ دیش کی اننگز

بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کی۔  پاکستانی باولروں کے سخت دباو میں  بنگلہ دیش کےبہترین بیٹر مشفق الرحیم  نے64، شکیب الحسن نے 53  رنز بنائے، محمد نعیم 20  لٹن داس اور شمیم حسین 16،16 رنز بنا پائے۔  میچ کے آغاز میں بنگلادیش کی پہلی وکٹ صفر رنز پر گرگئی تھی۔

سپر فو ر مرحلے کے پہلے میچ میں بنگلا دیش  نے پاکستان  کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا،میچ کے دوسرے اوور میں  بنگلادیشی اوپنرز مہدی حسن میراز بغیر کوئی  رنز  کیے نسیم شاہ کی گیند پر فخر زمان کو کیچ دے بیٹھے تھے۔

  بنگلادیش کے خلاف میچ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم میں ایک تبدیلی  کرتے ہوئے فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر فہیم اشرف نے سپنر محمد نواز کی جگہ لے لی۔ فہیم نے ایک وکٹ لے کر ٹیم میں جگہ دیئے جانے کے فیصلہ کو جسٹیفائی کر دیا۔

آج کھیلنے والی ٹیم میں قومی ٹیم میں اوپنر امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، افتخار احمد، محمد رضوان، سلمان علی آغا، شاداب خان، فہیم اشرف، حارث رؤف، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ شامل تھے۔

مزیدخبریں