لندن: برطانوی وزیر داخلہ پریتی پٹیل نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق پریتی پٹیل نےنئی پارٹی قیادت کے انتخاب کے بعد مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا، پریتی پٹیل نے بورس جانسن کو خط لکھ کر اپنے استعفےسے آگاہ کردیا۔
خیال رہےکہ لِز ٹَرس کو برطانیہ کی نئی وزیراعظم منتخب کرلیاگیا، انہوں نے پارٹی لیڈر منتخب ہونے کی دوڑ میں اپنی ہی پارٹی کے رشی سونک کوشکست دی۔
نومنتخب وزیراعظم لز ٹرس کو 81 ہزار 326 ووٹ ملے، لز ٹرس کےحریف رشی سونک کو 60 ہزار 399 ووٹ مل سکے۔ لز ٹرس کی کامیابی کا اعلان پارلیمنٹ کےقریب کوئین الزبتھ ٹو ہال میں کیا گیا، ملکہ برطانیہ کل لز ٹرس کو وزارت عظمیٰ کی ذمہ داری سنھبالنے کا کہیں گی۔
واضح رہے کہ اسکینڈلز سامنے آنے پربورس جانسن نے7 جولائی کو وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا، ٹوری اراکین پارلیمنٹ کے ووٹنگ کے مختلف مراحل کے بعد لِز ٹَرس اور رشی سونک میدان میں رہ گئے تھے۔