(ویب ڈیسک) سیروسیاحت کے شوقین افراد کے لئے یواے ای سے اچھی خبر آگئی،ابوظہبی کےمحکمہ سیاحت و ثقافت نے لائسنس یافتہ ٹور گائیڈز کے لئے نئی سکیم کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یو اے ای نے مملکت کے منفرد ثقافتی پہلوؤں کو تلاش اور انہیں اجاگر کرنے کی حوصلہ افزائی کے تحت نئی ترغیباتی سکیم کا اعلان کیا ہے، یہ سکیم امارات کی ٹچ پوائنٹ کی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد سیاحوں کو ابوظبی کے ورثے ، ثقافت اور دیگر موضوعات کو مزید گہرائی سے جاننے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
سکیم میں کئی رعایات اور دیگر قابل قدر ڈیلز شامل ہیں، یہ سکیم لائسنس یافتہ ٹور گائیڈز کو تخلیقی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ انہیں ابوظہبی میں نئی منازل تلاش کرنے میں معاون ہوگی تاکہ وہ مستقبل میں امارت آنے والے سیاحوں کے لئےنئے معلوماتی اور تفریحی تجربات میسر کرسکیں۔
یہ آفرز مختلف قسم کے پرکشش مقامات پر قابل قبول ہونگیں جن میں پچیس شرکاء ہوٹلز شامل ہیں، جہاں سیاحوں کو کئی رعایتی سہولیات جیسا کہ جم ، سپا ، پولز ، ایف اینڈ بی اور کمروں کے کرائے فراہم کیئے جاتے ہیں۔
محکمہ سیاحت و ثقافت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر علی حسن الشیبہ کا کہنا تھا کہ اب جب ابوظہبی ایک بار پھر محفوظ انداز میں بین الاقوامی سیاحوں کا پھر سے بھرپور خیرمقدم کرنے کو تیار ہے تو ان سیاحوں کو یہاں منفرد اور بھرپور مواقع میسر آئیں گے۔
اس میں ٹور گائیڈز کو ترغیب کی فراہمی بھی مقاصد کا حصہ ہے جس کے نتیجے میں امارت کے کثیر جہت ثقافتی و سیاحتی پہلوؤں کو اجاگر کریں گے۔
واضح رہے کہ ابوظہبی میں اس وقت لائسنس یافتہ گیارہ سو بائیس ٹور گائیڈز کام کررہے ہیں اور ان سب کو اس نئی سکیم میں شامل ہونے کا اہل قرار دیا گیا ہے تاکہ سیاحت کی صںعت کو فروغ دیا جاسکے۔