علی رامے: صوبائی وزیر ملک نعمان لنگڑیال بھی کرونا کا شکار ہو گئے، ٹیسٹ رپورٹ مثبت آنے کے بعد خود کو گھر پر قرنطینہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر ایم پی ڈی ڈی ملک نعمان لنگڑیال نے طبیعت ناساز ہونے پر کورونا ٹیسٹ کرایا۔ ٹیسٹ رپورٹ پازیٹو آنے پر صوبائی وزیر نے خود کو گھر پر قرنطینہ کرلیا ہے۔ صوبائی وزیر نے اپنے دوست احباب اور حلقہ کے عوام سے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کرنےکی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگ اس موذی مرض سے بچنے کے لئے جلد از جلد ویکسی نیشن کروائیں۔
دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب نے کورونا کے مریضوں کی سہولت کیلئے ہیلپ لائن قائم کردی ہے، سیکرٹری صحت ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی جانب سے مریضوں کے لواحقین سے اپیل کی گئی ہے کہ لاہور مریض منتقل کرنے سے پہلے ہیلپ لائن سے معلومات ضرور حاصل کرلیں۔ سیکرٹری صحت کے مطابق ہیلپ لائن کا نمبر 04299211136،37 اور99211138 جاری کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کے مطابق لاہور کے شہری کورونا وائرس سے متعلق ہر قسم کی معلومات بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری ہیلپ لائن پر کسی بھی وقت کال کرکے نزدیکی ہسپتال میں موجود بستر اور وینٹی لیٹرز سے متعلق معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ ہیلپ لائن چوبیس گھنٹے فعال ہے جہاں ہروقت ڈیوٹی پر ڈاکٹر معلومات فراہم کر رہے ہیں۔