ویب ڈیسک: طالبان نے افغانستان میں نئی حکومت کے قیام کی تاریخ کا اعلان کردیا اور اپنی فتوحات کی تاریخیں بھی شیئر کردیں۔
تفصیلات کے مطابق افغان طالبان نے افغانستان کا مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے بعد نئی حکومت کے قیام کی تاریخ کا اعلان کیا ہے،طالبان نے اعلان کیا کہ 11 ستمبر کو نئی حکومت کا قیام عمل میں آئے گا جو پنج شیر کی فتح تک ملتوی کردیا گیا تھا۔
امارت اسلامیہ کے ذبیع اللہ مجاہد نے اپنے ٹوئٹ میں طالبان کی فتوحات کی تاریخیں بھی شیئر کی جس کے مطابق 15 اگست کابل اور 6 ستمبر کو وادی پنج شیر فتح ہوئی۔
طالبان نے اعلان کیا کہ 11 ستمبر کو نئی حکومت کا قیام عمل میں لایا جائے گا، 11 ستمبر تاریخی لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل دن ہے، 11 ستمبر 2021 کو ورلڈٹریڈ سنٹر پر دہشتگرد حملے کو 20 سال مکمل ہو جائیں گے، 9/11 کے نام سے منسوب اس دہشتگرد حملے کے بعد امریکا نے افغانستان پر چڑھائی کردی تھی۔
دوسری جانب کابل کی فتح کی تاریخ 15 اگست بھارتی یوم آزادی کا بھی دن اور وادی پنج شیر کی فتح 6 ستمبر وہ دن ہے جس دن پاکستان نے بھارت کے خلاف 1965 کی جنگ جیتی تھی۔