سٹی 42: اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی لاہور میں یادگارشہدا پر حاضری ، یوم دفاع ہمیں اس بات کا یقین دلاتا ہے اس ملک کو ناقابل تسخیر بنایاجائے، چھ ستمبر1965 کوافواج پاکستان کے جوانوں نے لازوال داستان رقم کی:شہباز شریف
تفصیلات کے مطابق یادگارشہدا پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ یوم دفاع ہمیں اس بات کا یقین دلاتا ہے اس ملک کو ناقابل تسخیر بنایاجائے، چھ ستمبر1965 کوافواج پاکستان کے جوانوں نے لازوال داستان رقم کی، آج اسی روز میجر عزیز بھٹی جیسے سپوتوں نے جان پر کھیل کر ملک کا دفاع کیا، ایم ایم عالم نے دشمن کےجہازوں کو جھپٹ کر تباہ کیا،بھارتی ٹینکوں کو ہماری فورسز نے چوونڈا پر تاریخ کا حصہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی قوم نے ایک ہوکر مقابلہ کیا توشکست دشمن کا مقدر ثابت ہوا، نوازشریف نے ملک و قوم کو ایٹمی دھماکوں سے مضبوط اور ناقابل تسخیر کیا۔
اپوزیشن لیڈ ر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ جے ایف سیون تھنڈر نے ملک کی فضائوں کو ہمیشہ کےلئے محفوظ کر دیا،جب ہم نے میثاق معیشت کی بات کی تھی جس کا مذاق اڑایا گیا، اب ہمیں ملک کو معاشی میدان میں مضبوط بنانا ہوگا ۔ شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ دنیا میں اب فوجی جنگیں نہیں معاشی جنگیں لڑی جا رہی ہیں، قوم کو متحد کرنا ہوگا اور قائد اعظم کے فرمودات کے مطابق پاکستان کو چلاناہوگا،غربت اوربے روزگاری کا خاتمہ کرکے شہدا کی روحوں کو تسکین دینا ہوگی اور شبانہ روز محنت کرناہوگی، شہبازشریف کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی،افغانستان کےلئے دعا ہے وہ اپنی حکومت بنائیں اور خوشحال ہوں، جب افغانستان میں امن ہوگا تو پاکستان میں بھی امن ہوگا۔