علی اکبر: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے یوم دفاع پر اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر قومی ولولوں کی یادتازہ کرنے کایوم تجدید عہد ہے، سرور الحمدللہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہیں.
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا یوم دفاع پر اپنے جاری کردہ پیغام میں کہنا تھا کہ ہمیں پاک افواج اور اپنے شہداء پر فخر ہے، ہماری مسلح افواج جدت کے ساتھ ساتھ جذبہ حب الوطنی سے لیس ہے، پاک افواج ہرقسم کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے. پاکستان اپنی سلامتی اور خود مختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا.
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ عہد کرتے ہیں کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلاکر رہیں گے، ہم ہرفورم پر پوری دنیا میں کشمیریوں کا مقدمہ لڑیں گے، چوہدری محمد سرور 27 فروری 2019 کا پاک فضائیہ کا منہ توڑ جواب بھی بھارت کو ہمیشہ یاد رہے گا، ملکی دفاع کے لیے ہم ہر وقت جان کی قربانی دینے کو تیار ہیں.
دوسری جانب گورنر بلوچستان اور گورنر خیبر پختونخو کے بھی یوم دفاع پر اپنے پیغامات جاری کئے ہیں۔ گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسئین زئی کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ عظیم شہادتیں اور قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دینگے، ستمبر کو ہماری بہادر مسلح افواج نے اپنے سے کئی گنا طاقتور کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، نہ صرف ہماری مسلح افواج بلکہ پوری قوم نے ثابت کردیا کہ اتحاد،اتفاق اور ایمان کی طاقت کے سامنے ہتھیاروں یا تعداد کی اکثریت کوئی معنی نہیں رکھتی، آج کے دن ہمیں اس عہد کی تجدید کرنی چاہئے کہ ہم اپنے عظیم شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دینگے۔
گورنر خیبر پختونخو شاہ فرمان کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ 6ستمبر1965 ہماری پیشہ ورانہ افواج،جنگی تیاریوں اور جذبہ ایمانی کی عمدہ مثال ہے، 55 سال قبل ہماری بہادر مسلح افواج اور عوام نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ دیا، 6 ستمبر 1965 دشمن قوتوں کے لیے واضح پیغام ہےکہ ہم اپنی خود مختاری کی حفاظت کرنا جانتے ہیں، پاک فوج کی بہادری، ایثار اور جذبہ ایمانی کی بدولت آج ہمارا ملکی دفاع ناقابل تسخیر بن چکا ہے، دشمن ہمیں اندرونی طور پر غیر مستحکم کرنیکی سازشوں میں مصروف عمل ہے، ہمیں متحد ہو کر پاک افواج کے شانہ بشانہ دشمن کو ہر محاز پر شکست دینے کا عہد کرنا ہو گا۔