’’ پاکستانی قوم کا اتحاد دشمن کا ہر ناپاک منصوبہ ناکام بنا سکتا ہے‘‘

6 Sep, 2020 | 12:10 PM

Shazia Bashir

سٹی42:  پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف  نے یوم دفاع پاکستان و یوم شہداء پر اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا ہے کہ یوم دفاع دشمن کے خلاف پاکستان کے ایک ہونے کا دن ہے یہ دن ہر دشمن کے لیے پیغام ہے کہ پاکستان کی طرف بڑھتا ہوا ہر قدم اور ہر ہاتھ کاٹ دیں گے، شہدا، غازیوں اور غیور و بہادر پاکستانیوں کو سلام عقیدت اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

 قائد حزب اختلاف شہباز شریف   کا کہنا تھا کہ   مادر وطن کے تحفظ، سلامتی اور دفاع کے لئے شہداء کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، جنگ ستمبر کے ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے مکار دشمن کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیئے، آج کے دن کا پیغام ہے کہ پاکستانی قوم کا اتحاد دشمن کا ہر ناپاک منصوبہ ناکام بنا سکتا ہے، پوری قوم اپنی بہادر بری فوج، بحریہ اور فضائیہ کو سلام پیش کرتی ہے۔

 قائد حزب اختلاف شہباز شریف  کا کہنا تھا کہ  قوم کو اپنی مسلح افواج پر ناز ہے آج کے دن کا تقاضا ہے کہ ہم پاکستان کو معاشی طور پر طاقت ور، توانا اور خوشحال بنائیں پاکستان کو معاشی اور اقتصادی طور پر طاقتور بنانا دفاع پاکستان کا ایک لازمی تقاضا ہے، محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پاکستان کو دفاعی اور معاشی سمیت ہر محاذ پر پر طاقتور بنایا محمد نواز شریف نے پوری دنیا کا دباؤ ٹھکرا کر پاکستان کو جوہری قوت بنایا اور پاکستان کے دفاع کے تقاضے پورے کیے۔

 قائد حزب اختلاف شہباز شریف  کا کہنا تھا کہ  الحمدللہ آج پاکستان اسلامی دنیا کی واحد جوہری قوت ہے، کوئی دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی ضرورت نہیں کر سکتا، آج کے دن یہ عہد کرتے ہیں کہ دفاع اور معیشت سمیت ہر شعبے میں پاکستان کو مزید طاقتور اور توانا بنائیں گے تاکہ دفاع وطن کے تقاضوں کے پورا ہونے کو یقینی بنایا جا سکے، شہدا کے اہل خانہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن عزیز عزیز کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں۔

مزیدخبریں