جنگ ستمبر کے شہداء  ہمارا مان اور ہم ان کے مقروض ہیں: عثمان بزدار

6 Sep, 2020 | 10:06 AM

Sughra Afzal

مال روڈ(علی اکبر) وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ ستمبر 1965 کی جنگ پاکستان کی دفاعی تاریخ کا روشن اور تاریخ ساز باب ہے, افواج پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ 

یوم دفاع پاکستان پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاکہ پاک وطن کے دفاع کیلئے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ 1965ء کی جنگ میں مکار دشمن کو دندان شکن جواب دینے والے شہداء آج بھی قوم کے دلوں میں زندہ ہیں،  آج پوری قوم شہدائے وطن کی انمٹ قربانیوں کوبھرپور خراج عقیدت پیش کر رہی ہے، 1965ء کی جنگ کے غازیوں کی جر جرأت کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں،شہداء  ہمارا مان ہیں اور ہم ان کے مقروض ہیں۔ 

عثمان بزدار نے کہا کہ ہمیں آج اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا، یوم دفاع پر ہم اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کاا ظہار کرتے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جنہوں نے پنجاب حکومت کے 2 سال مکمل ہونے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مبارکباد دی اور دو سالہ کارکردگی کو سراہا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیانتداری کیساتھ وسائل عوام پر خرچ کررہے ہیں,سابق حکومت نے سرکاری خزانے کو ذاتی سمجھ کر بے دردی سے ضائع کیا, اپوزیشن صرف پوائنٹ سکورنگ میں مصروف ہے، اپوزیشن جماعتوں نے کورونا کے بعد کراچی ایشو پر بھی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنانے کی کوشش کی،انکے پاس کوئی ایجنڈا ہے نہ پروگرام،  اپوزیشن کوپہلے بھی ہزیمت اٹھانا پڑی اور آئندہ بھی ناکامی کاسامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ پراپیگنڈا کی سیاست اپوزیشن کا وطیرہ ہے، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت پاکستان کی تاریخ کی شفاف ترین حکومت ہے، اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں کے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔

 وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مسائل جلد حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اراکین اسمبلی میرے ساتھی ہیں، ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ 

مزیدخبریں