یونیورسل نمبر پلیٹس کا منصوبہ شہریوں کیلئے خواب بن گیا

6 Sep, 2019 | 03:44 PM

Sughra Afzal

(علی ساہی) محکمہ ایکسائز نے یونیورسل نمبر پلیٹ جاری کیے بغیر عوام سے 48 کروڑ سے زائد کی رقم بٹورلی، نمبرپلیٹس کے اجراء بند ہوئے6 ماہ گزر گئے مگر تاحال کسی سے کوئی کنٹریکٹ نہیں کیا جاسکا۔

یونیورسل نمبر پلیٹس کا منصوبہ تو شہریوں کے لیے خواب بن گیا، محکمہ ایکسائز یونیورسل نمبر پلیٹس کے اجراء کیلئے غیرسنجیدہ نظر آتا ہے، نئے تعینات ہونے والے ڈی جی زاہد حسین اور سیکرٹری ایکسائز بھی شہریوں کی مشکلات حل کرنے میں دلچسپی نہیں لے رہے۔

یونیورسل نمبرپلیٹس تو دورکی بات پرانی نمبر پلیٹس کی مد میں فیس کی وصولی تو جاری ہے لیکن تاحال نمبر پلیٹس کے اجراء کے لیے فیصلہ نہیں کیا جا سکا کہ آیا کمپنیوں کو لائسنس جاری کیے جائیں یا ٹینڈر کے ذریعے کمپنی کو کنٹریکٹ دیا جائے۔

نمبر پلیٹس کی فیس کی مد میں گزشتہ 6 ماہ کے دوران 45 ہزار سے زائد گاڑیوں اور ساڑھے 5 لاکھ سے زائد موٹر سائیکلوں کے مالکان سے 48 کروڑ کی رقم بٹورلی گئی ہے، فیس کی ادائیگی کے باوجود شہری فینسی پلیٹس بنوا کر گاڑیوں پر لگوانے کے لیے مجبورہیں، غیرنمونہ نمبر پلیٹس لگانے سے ای چالاننگ کا عمل بھی بری طرح متاثر ہورہا ہے۔

ایکسائزحکام کا کہنا ہے کہ یونیورسل نمبر پلیٹس کے اجراء میں7 سے 8 ماہ لگیں گے۔

مزیدخبریں