ویب ڈیسک : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور کی ویڈیو ہمارے پاس موجود ہے ۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم لاہور کا دورہ کیا۔
محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ علی امین گنڈا پور کی ویڈیو ہمارے پاس موجود ہے ، علی امین گنڈا پور کی ویڈیو چیک کی تو پتہ چلا وہ نکل گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا مقصد یہ ہی تھا کہ دھرنا دیں اور ایس سی او کانفرنس نہ ہو ، ان کا خیال تھا کہ کسی طریقے سے کوئی لاش گرے ، احتجاج کرنے والوں کا مقصد تھا کہ لاشیں مل جائیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت جلسے کا ٹائم دے کر خود گھروں میں بیٹھی رہتی ہے، پی ٹی آئی قیادت مستقبل میں صرف کارکنوں کو جیل بھجوائے گی، خود گھر بیٹھے گی۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ آئندہ دو ہفتے میں بیسمنٹ اور پہلی منزل پر چھت کا کام مکمل ہوجائے گا، قذافی اسٹیڈیم میں 30 ہزار افراد کی گنجائش ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئینز ٹرافی کے لیے تمام ٹیمیں انشااللہ آئیں گی، پر امید ہوں کہ بھارتی ٹیم پاکستان آئے گی، کوچز اور سلیکشن کمیٹی کو کہا ہے قومی کرکٹ کے کپتانوں کے لیے نام دیا جائے ابھی کچھ فائنل نہیں ہوا ۔
محسن نقوی نے کہا کہ واٹر ٹینک سے قدافی سٹیڈیم کا سیوریج نظام بہت بہتر ہو جائے گا۔