ویب ڈیسک : سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کو 24 گھنٹے میں رہا نہ کیا گیا تو ملک بھر میں احتجاج کی کال دیں گے۔
اسد قیصر نے کے پی اسمبلی میں ارکان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی کا مطالبہ ہے علی امین گنڈاپور کو فوری رہا کیا جائے، اس وقت ہمارے ایک ہزار سے زائد کارکن گرفتار ہیں۔ دنیا کی تاریخ میں ایسی مثال نہیں ملتی کہ منتخب وزیر اعلیٰ کو اغوا کیا گیا، اسلام آباد میں کے پی ہاؤس میں توڑ پھوڑ کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت مسلسل جھوٹ بول کر ہماری آواز دبانے کی کوشش کر رہی ہے، اگر حکومت متنازع آئینی ترامیم لائی تو قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس کا بائیکاٹ کریں گے اور کسی اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور گزشتہ اسلام آباد میں احتجاج میں شرکت کیلیے کے پی ہاؤس پہنچے تھے جس کے بعد وہ لاپتا ہوگئے۔ اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنماؤں کا دعویٰ ہے کہ انہیں حراست میں لیا گیا ہے جبکہ حکومت واضح طور پر کہہ چکی ہے کہ علی امین گنڈاپور کسی ادارے کی حراست میں نہیں ہیں۔