ویب ڈیسک: عالمی شہرت یافتہ مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کراچی کے دورے کے موقع پر گورنر ہاؤس میں منعقدہ مجمع میں اداکارہ یشما گِل نے شرکت کر کے اہم سوال کردیا۔
پاکستان کے دورے پر آئے ڈاکٹر ذاکر نائیک کے اعزاز میں 3 اکتوبر گورنر ہاؤس سندھ میں ایک باوقار نشست کا اہتمام کیا گیا تھا جس کے بعد 5 اکتوبر کو گورنر ہاؤس میں مجمع کا اہتمام کیا گیا جس میں کراچی کی عوام نے بڑھ چڑھ کر شرکت کی۔مجمع میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے پُرجوشی کے ساتھ ڈاکٹر ذاکر نائیک اور انکے بیٹے شیخ فارق ذاکر نائیک کا استقبال کیا۔
مجمع کا آغاز قومی ترانے سے ہوا جس کے بعد تلاوتِ قرآن ہوئی اور پھر شیخ فارق ذاکر نائیک نے بیان دیا اور قرآن کو مطلب کے ساتھ پڑھنے پر زور دیا۔ان کے بعد ڈاکٹر ذاکر نائیک اسٹیج پر تشریف لائے اور 'ہماری زندگی کا مقصد کیا ہے؟' کے عنوان پر تقریر کی۔
اس تقریر کے بعد وہ مرحلہ آیا جس کا بے صبری سے سب کو انتظار تھا یعنی لوگوں کا ڈاکٹر ذاکر نائیک کے ساتھ سوال جواب کا سیشن۔ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اعلان کیا کہ اگر یہاں کوئی غیر مسلم بھائی ہیں اور کچھ پوچھنا چاہتے ہیں تو پہلا حق ان کو دیتا ہوں کہ وہ سوال کریں اور کچھ دیر انتظار کے بعد مائیک پر سب سے پہلے سوال کرنے والی خاتون پاکستانی ڈراما آرٹسٹ یشما گِل تھیں۔
یشما گِل نے ذاکر نائیک کو پہلے یہ بتایا کہ وہ لادین ہوگئی تھیں اور پھر اُنہوں نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کے ہی بیانات سنے جس کے بعد وہ واپس اسلام پر آئیں۔بعدازا یشما گِل نے سوال کیا کہ 'جب سب کو اللہ پہلے سے لکھ چکا ہے تو ہمارے اپنے اختیار میں کیا ہے، ہم تو صحیح غلط وہ ہی کر رہے ہیں جو اللہ نے بتایا ہے؟'یشما گِل کا سوال سننے کے بعد ڈاکٹر ذاکر نائیک نے بہت خوبصورت انداز میں ان کی رہنمائی کی کہ 'یہ سوال مجھ سے اکثر لوگ کرتے ہیں اور میں نے اس بارے میں بہت پڑھا'۔
انہوں نے کہا کہ 'انسان وہ نہیں کرتا جو اللہ نے لکھ دیا ہے بلکہ اللہ نے وہ لکھا جو انسان نے کرنا ہے کیونکہ اللہ سب جانتا ہے اور اسکو معلوم ہے کہ وہ شخص مستقبل میں کسی معاملے میں کیا فیصلہ لے گا'۔انہوں نے مثال دیتے ہوئے لکھا ہے 'انسان ایک چوراہے پر آکر کھڑا ہو اور وہاں سے چار راستے نکلتے ہیں تو اللہ نے وہ لکھا ہے جو اس انسان نے اس وقت اپنی سوچ سے فیصلہ لینا ہے، یعنی انسان نے اسکے لیے فیصلہ نہیں لیا بلکہ اس نے خود اپنا فیصلہ لیا'۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک حکومت پاکستان کی دعوت پر پاکستان آئے ہیں وہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں مختلف تقاریب سے خطاب کریں گے اور اہم ملکی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے جبکہ ان دنوں ڈاکٹر ذاکر نائیک 10 دن کے دورے پر کراچی میں موجود ہیں۔