ویب ڈیسک: مشیر اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور کل سے لاپتہ ہیں۔
نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئےبیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ سے ہمارا اور نہ ہی اہلخانہ کا رابطہ ہو رہا ہے،دوسری جانب ضلعی صدر پی ٹی آئی عرفان سلیم کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ علی امین کو اغواء یا نظر بند کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج سہ پہر 3 بجے خیبر پختون خوا اسمبلی کے باہر احتجاج کیا جائے گا، احتجاج میں کارکنوں کو آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا جائے گا۔
عرفان سلیم نے کہا کہ کے پی ہاؤس میں گھس کر دروازے توڑے گئے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے غیر قانونی اسلحہ و شراب برآمدگی کے کیس میں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کیے تھے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسین زیدی نے تھانہ بہارہ کہو میں درج مقدمے کی سماعت کی تھی،دورانِ سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ متعدد مرتبہ عدالتی طلبی کے باوجود علی امین گنڈاپور عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔