(فاران یامین)تحریک انصاف کے احتجاج کے باعث شہر میں پیدا ہونے والے سکیورٹی خدشات اور امن و امن کی صورتحال کے پیش نظر بند کئے گئے، شہر کے داخلی خارجی راستے ٹریفک کے لئے کھول دیئے گئے۔
ہفتہ کو تحریک انصاف کی جانب سے مینار پاکستان پر احتجاج کرنے کا اعلان کیا تھا، لاہور پولیس نے امن وامان اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے حفاظتی انتظامات کے پیش نظر لاہور کے داخلی خارجی راستے سکیورٹی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے کنٹینر کی مدد سے بند کر دیئے تھے۔
پولیس نے مینار پاکستان کے اطراف شاہدرہ، سگیاں پل، پرانا راوی پل، نئے راوی پل کو بند کیا تھا جبکہ بابوصابو، ایسٹرین بائی پاس اور ٹھوکر نیاز بیگ کو بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا تھا، تاہم صورتحال بہتر ہونے کے بعد رات گئے راستے کھول دیئے گئے تھے، صبح سویرے تمام راستوں پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں تھی۔