نوبیل امن انعام خواتین کے حقوق کی علمبردار ایرانی خاتون کے نام

6 Oct, 2023 | 05:00 PM

Ansa Awais

(ویب ڈیسک) خواتین کے حقوق کی علمبردار ایرانی خاتون نرگس محمدی نے نوبیل کا امن انعام اپنے نام کر لیا۔

 تفصیلات کے مطابق ایران سے تعلق رکھنے والی ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹ قیدی نرگس محمدی امن کے نوبل انعام برائے سال 2023 کی حقدار ٹھہریں جنھوں نے خواتین کے حقوق کے لیے آواز اُٹھانے پر قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں اور اب بھی جیل میں سزا بھگت رہی ہیں۔ 

  نرگس محمدی کو ایران میں خواتین پر ظلم کے خلاف جدوجہد پر نوبیل امن انعام کا حقدار قرار دیا گیا،سربراہ نوبیل کمیٹی بیرٹ ریس اینڈرسن کا کہنا ہے کہ یہ انسانی حقوق اور آزادی کے لیے نرگس محمدی کی جدوجہد کا اعتراف ہے۔ امن کمیٹی کے مطابق نرگس محمدی نے خواتین کے حقوق اور آزادی کی بہت بھاری قیمت چکائی، انہیں 13 مرتبہ گرفتار کیا گیا، 5 مرتبہ مجرم ٹھہرایا گیا اور انہیں مجموعی طور پر 31 برس قید اور 154 کوڑوں کی سزا سنائی گئی۔

 غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایران کی انسانی حقوق کی علمبردار نرگس محمد تہران کی ایون جیل میں اسیر ہیں اور متعدد مقدمات کا سامنا کر رہی ہیں۔اس کے علاوہ نرگس محمدی ایرانی حکومت کے خلاف پراپیگنڈا پھیلانے کے مقدمات کا سامنا بھی کر رہی ہیں۔ نرگس محمدی ایک غیر سرکاری فلاحی ادارے ڈیفینڈرز آف ہیومن رائٹس سینٹر کی نائب سربراہ بھی ہیں جسے 2003 میں نوبیل کا امن انعام جیتنے والی شیریں عباسی چلاتی ہیں

مزیدخبریں