(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ٹیم کو بھارت میں اس قدر شاندار استقبال کی توقع نہیں تھی، بہترین مہمان نوازی کی جا رہی ہے، ایسا لگ رہا ہے کہ ہم بھارت میں نہیں بلکہ اپنے گھر (پاکستان)میں موجود ہیں۔
روز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے بھارت میں ورلڈ کپ کھیلنے آئے تمام ٹیموں کے کپتانوں کے لیے ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جہاں ٹیموں کے کپتانوں سے دلچسپ سوالات پوچھے گئے۔ تمام ٹیموں کے کپتانوں کی پریس کانفرنس کے دوران پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہماری توقع سے بڑھ کر ہمارا شاندار استقبال کیا گیا، ٹیم کو بھارت میں ایسے استقبال کی توقع نہیں تھی۔
بابر اعظم نے کہا کہ ہماری مہمان نوازی بہت اچھے انداز میں کی جا رہی، ہمیں حیدرآباد آئے ایک ہفتہ ہو چکا ہے اور ایسا لگ رہا ہے کہ جیسے ہم اپنے ملک میں موجود ہیں۔واضح رہے کہ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے بھی چند روز قبل اپنی پریس کانفرنس کے دوران حیدر آبادی بریانی کی تعریف کی تھی، گزشتہ روز بابر اعظم سے بھی بریانی سے متعلق سوال پوچھا گیا جس پر کپتان نے کہا کہ سو بار بتا چکے ہیں کہ بریانی بہت اچھی لگی، حیدر آبادی بریانی کے بارے میں بہت سن رکھا تھا تو اب بریانی کھا کر بہت اچھا لگا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے سلسلے میں بھارت میں موجود قومی ٹیم کا بھارتی شہر حیدر آباد میں پرتپاک استقبال کیا گیا تھا۔ بھارت میں موجود قومی ٹیم کے مداح ایئر پورٹ سے لے کر ٹیم کے ہوٹل پہنچنے تک کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتے نظر آئے۔