پی ٹی آئی لانگ مارچ ،چودھری پرویز الٰہی کا لندن سے بڑابیان آگیا

6 Oct, 2022 | 11:17 AM

ویب ڈیسک:وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کا کہنا ہے ماڈل ٹاؤن کیس میں ٹیم کام کر رہی ہے، رانا ثناء اللہ کا اسمبلی کے اندر اعترافی بیان موجود ہے جو عدالت کو ثبوت کے طور پر دے رہے ہیں، لانگ مارچ پر جو عمران خان کہیں گے وہی ہوگا، مارچ ہوا تو رانا ثناء اللہ کو کھڑے ہونے کی جگہ تک نہیں ملے گی۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ پانچ سال بعد مونس الہٰی کی فیملی سے ملنے لندن آیا ہوں، نواز شریف سے ملنے کا شوق نہیں، کافی عرصہ ساتھ رہنے کے بعد انسان کو سیکھ جانا چاہیے، مجھے ان کے گھر کا بھی علم ہے ، ایک ایک شخص کا علم ہے۔

پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ سیلاب کے دوران شہباز شریف نے پنجاب کو ایک پیسہ نہیں دیا، ٹیلی تھون کے ذریعے جمع کئے گئے اڑھائی ارب روپے سیلاب متاثرین کو دے رہے ہیں، سیلاب متاثرین کو احساس پروگرام کے تحت پیسے دے رہے ہیں، ہمارے ساتھ ورلڈ بینک اور دیگر ڈونرز براہ راست رابطے میں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جیل ریفارمز کیں، جیلوں میں کھانے کا بہترین انتظام کیا، پنجاب میں دو ، تین نئی جیلیں بھی بنا رہے ہیں، نارکوٹکس کے حوالے سے ایک الگ قانون لا رہے ہیں، نارکوٹکس کی الگ سے ایک فورس بنا رہے ہیں، فورس یقینی بنائے گی کہ سکول اور کالجز میں منشیات کا استعمال نہ ہو، منشیات سے متعلق سخت قوانین لا رہے ہیں،عمر قید کی سزا بھی رکھ رہےہیں، پہلے میٹرک تک فری تعلیم کا اعلان کیا تھا، اب بی اے تک فری تعلیم کا اعلا ن کیا۔

مزیدخبریں