(شاہین عتیق)ایڈیشنل سیشن جج ندیم انصاری نے اداکارہ پائل پر تشدد کرنے کے کیس میں سسر حاجی نیاز، چچا سسر ایوب اور دیور عبدالستار کی عبوری ضمانت چودہ اکتوبر تک منظور کر لی، تینوں کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج ندیم انصاری کی عدالت میں اداکارہ پائل کے سسر حاجی نیاز،چچاسسر ایوب اور دیور عبدالستار نے اپنی عبوری ضمانتیں دائر کیں، جس میں تینوں نے موقف اختیار کیا کہ پائل ان کے گھر خود داخل ہوئی ان کو تشدد کا نشانہ بنایا ااور بعد میں اُلٹا ان کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کرا دیا۔
وہ بے گناہ ہیں جبکہ ادا کارہ پائل کا موقف ہے کہ انہوں نے میرے گھر داخل ہو کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ کپڑے پھاڑ دیے، چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا ۔ عدالت نے تینوں کے موقف سننے کے بعد ان کو پولیس کے پاس شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوے کارروائی چودہ اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
سٹیج کی معروف اداکارہ پائل چوہدری پر سسرالیوں کا تشدد تھانہ ہربنس پورہ میں درخواست دے دی۔
سٹیج کی معروف اداکارہ پائل چوہدری کو ان کے سسر حاجی نیاز، چچا سسر اور دیگر سسرالیوں نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ پائل چوہدری نے تشدد پر سسرالیوں کے خلاف تھانہ ہربنس پورہ میں درخواست دیدی۔ پائل چوہدری کا کہنا ہے کہ شوبز میں کام کرنے والے بھی انسان ہیں، انہوں نے شادی کی لیکن انہیں کئی بار تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
پائل چوہدری کا کہنا ہے کہ وہ اعلیٰ حکام سے اپیل کرتی ہیں کہ ان کو انصاف دلائیں، ان کی گاڑی بھی سسرالیوں سے برآمد کروا کردیں۔ پائل چوہدری کا مزید کہنا ہے کہ ان کے والد پر بھی تشدد کیا گیا، انہیں اپنے سسرالیوں سے جان کا خطرہ ہے، پولیس قانونی کارروائی عمل میں لائے۔