(جنید ریاض) انٹرمیڈیٹ کیلئے سمارٹ سلیبس، سرونگ سکولز و کالجز ایسوسی ایشن پاکستان کی تجویز منظور، ایم ڈی ٹیکسٹ بک بورڈ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی۔
ذرائع کےمطابق انٹرمیڈیٹ کیلئے سمارٹ سیلیبس کی سرونگ سکولز و کالجزایسوسی ایشن پاکستان کی تجویز منظور کرلی گئی ہے، ایم ڈی ٹیکسٹ بک بورڈ کی سربراہی میں انٹرمیڈیٹ کا سمارٹ کورس مرتب کرنے کیلئے کمیٹی قائم کردی ہے، جس میں سلیبس مختصر کرنے کے فارمولے کا تعین کیا جائے گا اور کمیٹی اپنی سفارشات پنجاب حکومت کو پیش کرے گی۔ کمیٹی تشکیل دینے پر سرونگ سکولزوکالجزایسوسی ایشن نے وزیر ہائیر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں کا شکریہ ادا کیا۔
صدر سرونگ سکولز ایسوسی ایشن میاں رضاء الرحمان کا کہنا ہے کہ سمارٹ سلیبس پر کورونا سے متاثرہ طلبا کیلئے آسانی ہوگی، سمارٹ سلیبس پر امتحانی نتائج پر مثبت اثرات پڑیں گے۔
صدر میاں رضاء الرحمان نے مزید کہا کہ سمارٹ سلیبس، وزیرہائرایجوکیشن راجہ یاسر اور دیگر حکام سے ملاقاتوں کا مثبت نتیجہ ہے۔
دوسری جانب محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے ای لرننگ اور ہائر ایجوکیشن کی آٹومیشن کے منصوبوں کی منظوری دے دی، دونوں منصوبے رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کیے گئے تھے،روا ں مالی سال میں 50 ملین روپے سرکاری کالجز میں ای لرننگ پر خرچ کیے جائیں گے جبکہ 60 ملین روپوں سے محکمہ ہائر ایجوکیشن کی آٹومیشن اور تمام ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کیا جائے گا.