مال روڈ (قذافی بٹ) پنجاب حکومت کا مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ، نرخ نامے نمایاں جگہ آویزاں نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
صوبائی وزیر صنعت وتجارت اسلم اقبالنے گرانفروشوں کیخلاف کریک ڈائون کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات جاری کردیں۔ صوبائی وزیرکی جانب سے جاری کی گئی ہدایات میں کہا گیا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مارکیٹوں میں موجود رہ کر اپنی ذمہ داریاں نبھائیں، صارفین کے حقوق کے تحفظ کیلئے متعلقہ ادارے اور انتظامیہ اپنا فرض پورا کریں۔
انہوں نے کہا کہ گرانفروش انسانیت کے دشمن، کسی رعایت کے مستحق نہیں، معاشرے کے یہ بے رحم عناصر قانون کے مطابق سخت سزا کے حقدار ہیں، اشیائے ضروریہ کی بلاجواز قیمتیں بڑھا کرعام آدمی کی مشکلات میں اضافہ کرنے والے باز آجائیں۔
دوسری جانب مہنگائی کے جن کوقابو کرنے کیلئے شہر کے 53 مجسٹریٹس کا موبائل پی آئی ٹی بی میں رجسٹرڈ کروانے کا فیصلہ کیا گیا، سینئر ایڈمن افیسر شاہد محبوب کی زیرصدارت میٹنگ میں بتایا گیا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کہاں گئے؟ کتنی کاروائیاں کیں اور کتنے جرمانے کیے؟ سب کچھ بتانے کے پابند ہونگے؟ مجسٹریٹس کی نقل و حرکت و نقل پر پی آئی ٹی بی مانیٹرنگ کرکے ڈی سی پورٹل پر لوڈ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق تحصیل سٹی میں 3351 انسپکشن کیں، 359 خلاف ورزیاں، 355چالان، 3 ایف آئی آر، چار گرفتار، 5 لاکھ 17ہزار 2 سو روپے جرمانہ کیا گیا۔ تحصیل کینٹ میں 1240 انسپکشن، 359 خلاف ورزیاں ، 355 چالان،3ایف آئی آر، چار گرفتار جبکہ 1 لاکھ 55 ہزار 5 سو جرمانے کیے گئے، نئے سسٹم کے تحت روزانہ مانیٹرنگ کو سخت کیا جائے گا اور تمام مجسٹریٹس روزانہ کاکردگی رپورٹس جمع کروائیں۔