(ملک اشرف) سپریم کورٹ نے سابق کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن افضال بھٹی سے اضافی لی گئی تنخواہ کی واپسی کیلئے چند روز کی مزید مہلت دے دی اور ڈی جی نیب کو ہدایت کی کہ وہ جائزہ لے کر معاملے کو جلد نمٹائیں۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کے روبرو کیس کی سماعت شروع ہوئی، جس میں ڈی جی نیب شہزاد اور سابق کمشنر اوورسیز پاکستانی افضال بھٹی اپنے وکیل کے ہمراہ پیش ہوئے۔ وکیل نے موقف اختیار کیا کہ افضال بھٹی اضافی لی گئی تنخواہ واپس کرنا چاہتے ہیں لیکن اس وقت ان کے پاس مطلوبہ رقم نہیں۔ جس پر چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ افضال بھٹی اپنا پلاٹ فروخت کرکے رقم جمع کرائیں، جس کے بعد بیرون ملک جا سکتے ہیں۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ مہینوں کی نہیں ہفتوں کی بات کریں، رقم واپسی کیلئے اتنا وقت نہیں دیا جا سکتا، عدالت نے ڈی جی نیب شہزاد کو کہا کہ وہ اس معاملے کا جائزہ لے لیں۔