امانت گشکوری : سپریم کورٹ آف پاکستان کی رجسٹرار جزیلہ اسلم کو ہٹا کر سلیم خان کو نیا رجسٹرار مقرر کر دیا گیا۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق سلیم خان 3سال کیلئے بطور رجسٹرار سپریم کورٹ فرائض سرانجام دیں گے۔ سلیم خان پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے سابق افسر ہیں۔
سلیم خان نے چیف جسٹس یحیی آفریدی کے ساتھ بطور رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ بھی کام کیا تھا۔ سلیم خان سابق وزیراعلی کے پی محمود خان کے ساتھ چیف سیکرٹری کے عہدہ پر بھی کام کرتے رہے ہیں ۔
جزیلہ اسلم سے گزشتہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ بیشتر اوقات نالاں رہے تاہم انہوں نے انہیں ہٹانے کی کوشش نہیں کی تھی۔ خصوصی نشستوں کے کیس کا اکثریتی فیصلہ دینے والے ججوں نے دو مرتبہ اپنے فیصلے کی نام نہاد وضاحتیں جاری کیں، دونوں مرتبہ چیف جسٹس نے ان "وضاحتوں" کے قانونی جواز اور دیگر اہم قانونی سوالات کو لے کر رجسٹرار جزیلہ اسلم سے تحریری وضاحتیں طلب کی تھیں۔
یاد رہے کہ سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے رجسٹرار جزیلہ اسلم کو ڈیپوٹیشن پر تعینات کیا تھا ،جزیلہ اسلم ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اوکاڑہ کے طور پر فرائض سرانجام دے رہی تھیں۔