وزیرِاعظم کی چینی سفیر سے ملاقات، چینی شہریوں پر فائرنگ کرنیوالوں کو جلد سزا دلوانے کی یقین دہانی کرادی

6 Nov, 2024 | 09:05 PM

اویس کیانی : وزیرِ اعظم نے چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زائیڈونگ سے ملاقات کی، شہباز شریف نے کراچی میں چینی شہریوں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ داران کو جلد قرار واقعی سزا دلوانے کی یقین دہانی کرائی ۔ 
وزیرِ اعظم شہباز شریف اسلام آباد میں چینی سفارتخانے پہنچ گئے ، جہاں ان کی چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زائیڈونگ سے ملاقات ہوئی۔ وزیرِاعظم نے گزشتہ روز کراچی میں چینی شہریوں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی، کہا کہ میں چینی شہریوں پر اس حملے کی مذمت کرنے اور زخمیوں کی بیمار پرسی کیلئے آپ سے ملنے آیا ہوں. 

شہباز شریف نے چینی سفیر کو ذمہ داران کو جلد گرفت میں لے کر انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی یقین دہانی کرائی، کہا کہ واقعے میں ملوث افراد کو گرفت میں لینے اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کے عمل کی بذات خود نگرانی کر رہا ہوں. انہوں نے کہا کہ واقعے میں زخمی چینی شہریوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دے چکے. قابلِ اطمینان بات ہے کہ واقعے میں زخمی ہونے والے چینی شہریوں کی صحت بہتر ہو رہی ہے.  

شہباز شریف نے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے، چینی شہریوں پر حملہ پاک چین برادرانہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی مزموم کوشش ہے، پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی سیکیورٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے.  

چینی سفیر نے وزیرِاعظم کی سفارتخانے آمد پر شکریہ ادا کیا اور امید کا اظہار کیا کہ وزیرِاعظم واقعے کے ذمہ داران کو جلد کیفر کردار تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں گے. 

نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِداخلہ محسن رضا نقوی اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیرِاعظم کے ہمراہ تھے.

مزیدخبریں