سٹی 42 : لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر سٹوڈنٹس میں ہراسانی کو روکنے اور سفارشات مرتب کرنے کیلئے سپیشل سیکرٹری سکول ایجوکیشن کی سربراہی میں 18 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ۔
سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا، جس کے مطابق سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کمیٹی کے کنوینیر ہوں گے ، جبکہ ڈائریکٹر جنرل چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بورڈ ،اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل پنجاب محمد عثمان خان، ایم ڈی پنجاب کریکلم ٹیکسٹ بک بورڈ ، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور ایڈیشنل سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، ایڈیشنل سیکرٹری لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ، ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن ایس ای پنجاب لاہور ،چیف ایگزیکٹو افیسر ڈی ای اے لاہور ، سیکشن افسر سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے لیگل ایکسپرٹس ، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل محمد عمر طارق گل سینیئر لاء افیسر سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کمیٹی میں شامل ہیں ۔
اس کمیٹی کے ٹرمز آف ریفرنس میں سکولوں میں ہراساں کئے جانے سے روکنے کے لئے دستیاب موجودہ قوانین (ایکٹ اور آرڈینینس) بشمول چائلڈ پروٹیکشن پالیسی کو نافذ کرنا، ماتحت سٹاف کو مناسب گائیڈ لائینز فراہم کرنا، ان قوانین اور پالیسیوں کے نفاذ کے لئے درکار تمام وسائل مہیا کرنا، قوانین اور پالیسیوں کے نفاذ کیلئے کولیبوریشن اور ٹیم ورک کو فروغ دینا، ٹرانسپرنسی اور اکاؤنٹیبلٹی کو فروغ دینا, عظیم تر بہتری کیلئے قوانین اور پالیسیاں بنانا اور نافذ کرنا، عدالت کے زیر غور آنے والی رٹ پیٹیشن میں موجود مواد اور سماعت کے دوران عدالت کی آبزرویشن سے سوامنے آنے والی باتوں پر مفصل بحث اور غور کر کے سفارشات مرتب کرنا۔ کمیٹی کو نوٹیفیکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایک ہفتہ تک اجلاس کرے اور اپنی سفارشات مرتب کر کے پیش کرے۔
برسٹر محمد احمد پنسوتا، برسٹر رملہ الطاف بیگ ایڈوکیٹ ،مس سباح فاروق ایڈوکیٹ، سحر بندیال ایڈوکیٹ ، مس ولیری خان چائلڈ رائٹس ایکٹیوسٹ بھی کمیٹی کا حصہ ہیں، جبکہ کنوینر کسی اورنام کو بھی بطور ممبر شامل کرسکتا ہے۔