ویب ڈیسک: امریکا کے دوبارہ صدر بننے پر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملکی عوام کا شکریہ ادا کیا، ٹرمپ نے کہا امریکا کے سنہری دور کا آغاز ہونے والا ہے، یہ بہت بڑی سیاسی جیت ہے، ہم ایک تاریخ رقم کرنے جارہے ہیں۔
تفصیلات کےمطابق دنیا کے طاقتور ترین صدر کی دوڑ جیتنے والے ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر امریکا کے صدر بن چکے ہیں، صدر بنتے ہی اپنے شہریوں سے ’وکٹری سپیچ‘ کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا وہ عوام کے شکر گزار ہیں جنہوں نے دوبارہ انہیں صدر منتخب کیا، ٹرمپ نے 7 سوئنگ ریاستوں کو جیت کی خصوصی مبارکباد دی، ٹرمپ کا کہناتھا کہ ہم امریکا کو پھر عظیم بنائیں گے، امریکا کو پھر ترقی کی طرف لے جانے کا وقت آگیا ہے، ہرامریکی شہری کے حقوق کے لئے کام کروں گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہناتھا کہ بڑے مشکل حالات میں انتخاب جیتا، یہ ناقابل یقین تھا،اس طرح کی انتخابی مہم پہلے کبھی نہیں چلی، امریکا کو خوشحال، محفوظ اور مضبوط بناوں گا، امریکا اب نئی بلندیوں پر پہنچے گا، ملک کے تمام معاملات اب ٹھیک کریں گے، ہم نے تمام مشکلات کو عبور کیا، میں کوئی جنگ نہیں کروں گا بلکہ ان کو ختم کروں گا، سرحدوں کو سیل کرنا پڑے گا، چاہتے ہیں لوگ قانونی طریقے سے امریکہ آئیں، جو بھی امریکا آئے گا وہ قانونی طریقے سے ہی آئے گا۔
ایلون مسک کا ذکر کرتے ٹرمپ نے کہا وہ ایک ذہین، سمجھددار آدمی ہے، وہ نئے ستارے بن کر ابھرے ہیں، ہمیں اپنے ذہین، سمجھدار لوگوں کا تحفظ کرنا چاہیے، آپ کے خواب پورے کرنے تک خاموش نہیں بیٹھوں گا، شاندار تحریک چلانے پر حامیوں کا شکر گزار ہوں، ہم نے جن مشکلات کا سامنا کیا وہ کبھی کسی نے نہیں کیں،، ٹرمپ نے امریکی شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا اس سفر میں میرا ساتھ دیں، ہمیں تاریخی فتح کسی مقصد کے لئے ملی ہے۔
قبل ازیں امریکا کے دوسری بار منتخب ہونے والے صدر ڈونلڈٹرمپ صدارتی عہدے کا حلف 20 جنوری 2025 کو اٹھائیں گے، انہوں نے277 الیکٹورل ووٹ حاصل کئے، امریکی صدر بننے کے لئے 270 ووٹ درکار تھے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ پہلی بار 2016 میں 6 کروڑ 29 لاکھ سے زائد ووٹ لیکر کامیاب ہوئے تھے، 2016 میں مکمل الیکٹورل کالج سے 306 ووٹ حاصل کئے تھے۔