سولر چارجنگ والا موبائل فون، حیرت انگیز خصوصیات

6 Nov, 2024 | 12:27 PM

ویب ڈیسک:سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک پوسٹ اِن دنوں خوب گردش کر رہی ہے جس میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ گاڑیاں بنانے والی معروف امریکی کمپنی ’ ٹیسلا‘ رواں برس ایک موبائل فون لانچ کرنے والی ہے جس میں سولر چارجنگ سمیت حیرت انگیز فیچرز موجود ہوں گے۔

پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بانی ٹیسلا ایلون مسک 2024 کے آخر میں Tesla Pi موبائل فون لانچ کررہے ہیں، اس موبائل فون کے 2 ایسے فیچرز ہیں جو کسی بھی موبائل فون میں نہیں۔

 دعوے کے مطابق پہلی خصوصیت یہ ہے کہ اِس موبائل کو چارجنگ کی ضرورت نہیں ہوگی، یہ سورج کی روشنی سے خودبخود چارج ہوگا، یہ آپ کی جیب میں پڑا ہو تب بھی یہ چارج ہوتا رہے گا۔

دوسری خصوصیت یہ کہ ٹیسلا کے اس موبائل کے لئے وائی فائی/انٹرنیٹ کنکشن کی ضرورت نہیں ہوگی، یہ خودبخود ایلون مسک کی کمپنی 'اسٹار لنک' کی سٹیلائیٹ سے جُڑ جاتا ہے، آپ دنیا میں کہیں پر بھی ہوں، اس موبائل کا انٹرنیٹ کام کرتا رہے گا، لہٰذا یہ موبائل فون زمین کے علاوہ چاند اور مریخ پر بھی انٹرنیٹ سے کنیکٹ رہے گا۔

 اس وائرل پوسٹ اور اِس میں کیے گئے دعووں کی بنیاد پر مختلف یوٹیوبرز بھی اب تک کئی ویڈیوز بنا چکے ہیں اور انٹرنیٹ صارفین انہیں دھڑادھڑ شیئر کرنے میں مصروف ہیں۔

تاہم حقیقت یہ ہے کہ ٹیسلا کے بانی ایلون مسک اسٹار لنک، نیورالنک، اسپیس ایکس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس سمیت کئی کمپنیوں کے مالک ہیں لیکن ان میں سے کوئی بھی کمپنی موبائل فون نہیں بناتی۔

جب ایلون مسک سے سنہ 2020 میں سوال پوچھا گیا کہ کیا وہ اسمارٹ فونز بنانے کے بارے میں سوچ رہے ہیں تو انہوں نے جواب دیا تھا کہ ’بالکل بھی نہیں، اسمارٹ فونز اور اسمارٹ واچز ماضی کے پراڈکٹس ہیں، نیورالنک مستقبل ہے‘۔

 رواں برس جون میں بھی ایلون مسک کی جانب سے ایک لائیو اسٹریم کے دوران یہ بات واضح کی گئی تھی کہ ’ہم ٹیسلا فون بنانے کا ارادہ نہیں رکھتے‘۔

مزیدخبریں