سٹی42: وزیر دفاع خواجہ آصف نے انکشاف کیا ہے کہ پی ٹی آئی اپنے بانی عمران خان کو (اڈیالہ جیل سے نکلوا کر) بیرون ملک بھجوانے کی کوشش کر رہی ہے۔
نجی ٹی وی کی ایکنر کے ساتھ منگل کی شب نشر ہونے والے ایک انٹرویو میں خواجہ آصف نے انکشاف کیا کہ یہ بھی آپشن ٹرائی کی جارہی ہے. پی ٹی آئی والے خود بیرونی طاقتوں کو کہہ رہے ہیں کہ پاکستان پر دباؤ ڈالیں تاکہ عمران خان کو رہا کر کے بیرون ملک بھیجا جائے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بعض ملک عمران خان کو لینے کو تیار بھی ہیں۔ سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے ملک کا نام بتانے سے گریز کیا۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان ان دنوں اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔ انہیں کئی مقدمات میں سزا ہو چکی ہے جن کے متعلق اپیلیں عدالتوں مین ہیں اور ان کے خلاف سنگین جرائم کے درجنوں مقدمات ہیں جن میں سے بیشتر زیر التوا ہیں اور نیب کے توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت آخری مرحلہ میں ہے۔
توشہ خانہ ٹو کیس میں استغاثہ کے تمام گواہوں پر جرح مکمل ہو چکی ہے اور آخری گواہ پر جرح کرنے سے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکیل مسلسل ٹال مٹول کر رہے ہیں۔