تیراہ میں آپریشن کے دوران کرنل اور تین جوان شہید، تین دہشتگردجہنم واصل

6 Nov, 2023 | 08:08 PM

سٹی42: تیراہ کی وادی میں آپریشن کے دوران پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر اور  تین جوان شہید ہو گئے۔

پیر 6 نومبر 2023 کو سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر کی قیادت میں پاک فوج کے دستوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں تلاش کیا جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے جبکہ 3 دہشت گرد زخمی ہوگئے۔

تاہم، شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران، مٹی کے چار بہادر بیٹوں؛ لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر (عمر: 43 سال، رہائشی اسلام آباد)، نائیک خوشدل خان (عمر: 31 سال، رہائشی ضلع لکی مروت)، نائیک رفیق خان (عمر: 27 سال، رہائشی ڈسٹرکٹ چارسدہ) اور لانس نائیک عبدلقادر (عمر: 33 سال، ضلع مری کا رہائشی) نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔

یہ آپریشن علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر کیا گیا تھا۔ لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر کی قیادت میں پاک فوج کے جوانوں نے دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ کیا۔

علاقے میں کسی بھی دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔

آئی ایس پی آر نے تیراہ میں آپریشن کے دوران ہونے والی ان شہادتوں کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

مزیدخبریں