شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، انوار الحق کاکڑ

6 Nov, 2023 | 07:43 PM

This browser does not support the video element.

ویب ڈیسک: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت اسلام آباد کے انتظامی امور، امن و امان کی صورتحال اور انسداد منشیات کے حوالے سے اجلاس ہوا۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم کو اسلام آباد میں سرکاری ملکیتی زمینوں پر غیر قانونی تجاوزات، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی زیر سرپرستی ترقیاتی منصوبوں، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹوری پولیس کی کارکردگی اور دیگر امور کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ 

وزیرِاعظم نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہ کہ اسلام آباد میں گاڑیوں کی خریدو فروخت کیلئے شہر کے مختلف حصوں میں قائم شورومز کی وجہ سے پارکنگ اور ٹریفک کیلئے پیدا کردہ مسائل کا فوری سد باب کیا جائے.وزیرِ اعظم نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں گاڑیوں کی نمائش، نیلامی و خرید و فروخت کے لیے مناسب مقام پر ایک کار سٹی (Car City) کا جامع منصوبہ بنایا جائے۔ اسلام آباد میں ٹریفک کا دباؤ کم کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی تشکیل دی جائے.

 انوار الحق کاکڑ  نے کہا کہ اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کے لیے مزید  160 نئی بسیں آنے والی ہیں جس سے پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام مزید مؤثر ہو جائے گا۔ 

اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کیلئے مرکزی ڈیجیٹل نظام کا قیام عمل میں لایا جائے.پرانی گاڑیوں کی بین الاقوامی سطح پر رائج ماحولیاتی آلودگی کے معیار پر فٹنس سرٹیفکیٹ کا اجراء کیا جائے. ملک بھر میں ڈرائیونگ لائیسنس کے اجراء کے نظام کو شفاف اور مؤثر بنایا جائے. 

اجلاس میں وزیراعظم کو مارگلہ نیشنل پارک کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ جس پر وزیراعظم نے کہا کہ مارگلہ نیشنل پارک سمیت کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی زمینوں پر غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بلا تفریق آپریشن کیا جائے۔ 

اجلاس میں وزیراعظم کو اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔  وزیراعظم نے کہا کہ رواں برس جرائم کی تعداد میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔ انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر حکمت عملی تشکیل دے۔ 

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں جدید ٹیکنالوجی اور سیف سٹی کے کیمروں کو استعمال میں لا کر ای چالان کے نظام کا مکمل طور پر نفاذ کر دیا گیا ہے.

اجلاس میں وزیراعظم نے پولیس حکام کو تعلیمی اداروں اور ان کے اطراف میں منشیات اور نشہ آور اشیاء فروخت کرنے والوں کی شناخت اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو اسکولوں کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات لینے کی ہدایت کی۔ انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو اسلام آباد میں ڈولفن فورس کے قیام کے لیے ترجیحی بنیادوں پر ضروری اقدامات لینے کی ہدایت کی۔ 

واضح رہے کہ اجلاس میں نگران وزیر داخلہ سمیت اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔

مزیدخبریں