کانگو وائرس پھیلنے کا خطرہ، ہیلتھ ایمرجنسی نافذ

6 Nov, 2023 | 03:15 PM

عیسیٰ خان ترین: بلوچستان میں کانگو وائرس کے  مریض تیزی سے بڑھنے لگے،تشویشناک صورتحال کے پیش نظر  صوبائی حکومت نےہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی۔

 نگران وزیراعلیٰ بلوچستان  علی مردان ڈومکی کی زیرصدارت کانگو وائرس کی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں نگران وزیراعلیٰ نے بتایا کہ بلوچستان میں اب تک کانگو وائرس کے 44کیسزرپورٹ ہوئےہیں جس کے پیش نظر صوبے میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذکردی گئی ہے۔

 اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان میں کانگو وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر  کوئٹہ میں 2 ہفتے کے لیے نجی مذبح خانوں پر دفعہ 144کے تحت پابندی عائد کی جائے گی اور شہری آبادی سے دور قائم مذبح خانوں میں جانورذبح کیےجاسکیں گے۔

نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے  محکمہ لائیو اسٹاک کو مویشی منڈیوں میں فوری جراثیم کش اسپرےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام ڈویژنل کمشنرز، ڈی ایچ او، لائیو اسٹاک افسران صورتحال  پرکڑی نظر رکھیں۔  ابتدائی شواہدکے مطابق سول اسپتال میں ہرنائی سے تعلق رکھنے والے مریض سے وائرس پھیلا جس کے بعد سول اسپتال کے متاثرہ وارڈکو سیل کرتے ہوئے دیگر شعبوں کو خصوصی اقدامات کے تحت جراثیم سے پاک کردیاگیا ہے۔

 نگران وزیراعلیٰ نے مزید  کہا کہ  کانگو وائرس سے متاثرہ2 مزید ہیلتھ کیئر ورکرزکو آج ائیر ایمبولینس سےکراچی منتقل کیا جارہا ہے۔نگران صوبائی حکومت نے کانگو وائرس سے جاں بحق ہونے والے ڈاکٹر کو شہید قرار دیتے ہوئے پسماندنگان کے لیے مراعات کا بھی اعلان کیا۔

مزیدخبریں