(ویب ڈیسک)غزہ میں جنگ بندی کیلئے امریکی شوبز شخصیات نے امریکی صدر بائیڈن کے نام کُھلا خط لکھ دیا جس پر ہالی وڈ کے درجنوں اداکاروں اور گلوکاروں نے دستخط کیے ہیں۔
جنگ بندی کیلئے لکھے خط پر دستخط کرنے والوں میں سیلینا گومز اور جنیفرلوپیز بھی شامل ہیں۔
آرٹسٹ فار سیز فائر گروپ کی جانب سے خط میں بائیڈن انتظامیہ سے غزہ میں بمباری رکوانے اور جنگ بندی کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ فلسطین میں جاری اسرائیلی بربریت اور وحشیانہ حملوں میں معصوم بچوں اور شہریوں کی شہادتوں پر سابق امریکی صدر باراک اوبامہ اور امریکی سینیٹر سابق صدارتی امیدوار برنی سینڈرز بھی خاموش نہ رہ سکے۔
فلسطین میں اسرائیلی بربریت پر باراک اوباما اور برنی سینڈرز بھی پھٹ پڑے ۔
سابق امریکی صدر بارک اوباما نے کہا کہ فلسطین میں جو کچھ ہورہا ہے وہ ناقابلِ برداشت ہے، کسی نہ کسی حد تک ہم سب اس میں شریک ہیں۔
امریکی سینیٹر اور سابق صدارتی امیدوار برنی سینڈرز نے کہا کہ غزہ کی تباہی جدید دور کے سب سے زیادہ ہول ناک لمحات میں سے ایک ہے۔
انہوں نے کہا کہ پناہ گزینوں کے کیمپوں اور ایمبولینسوں پر اندھا دھند بمباری کی جا رہی ہے، ہزاروں مرد، عورتوں اور بچوں کا قتل عام کیا گیا۔
برنی سینڈرز نے مزید کہا کہ یہ بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
امریکی سینیٹر اور سابق صدارتی امیدوارکا کہنا تھا کہ فلسطینی بچے بھی اتنے ہی اہم ہیں جتنے اسرائیلی اور امریکی بچے ہیں۔